Latest News

آمریت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف ووٹ دیا: کیجریوال

آمریت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف ووٹ دیا: کیجریوال

نئی دہلی:  دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اپنے خاندان کے ساتھ ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ انہوں نے آمریت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف ووٹ دیا ہے ۔
مسٹر کیجریوال نے ووٹ ڈالنے کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ میں نے آج اپنے والد، بیوی اور بچوں کے ساتھ ووٹ دیا۔ میری والدہ کی طبیعت بہت خراب ہے۔ وہ نہ جا سکیں ۔ میں نے آمریت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف ووٹ دیا۔ آپ کو بھی ووٹ ڈالنے جانا چاہیے۔
ووٹ ڈالنے کے بعد عام آدمی پارٹی (آپ) کے  لیڈر گوپال رائے نے لوگوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل  کرتے ہوئے کہا کہ آئین کو مضبوط کرنے، جمہوریت کو مضبوط کرنے اور ملک کو مضبوط کرنے کے لیے، اپنے گھر سے باہر نکل کر ووٹ دیں۔
آپ کے  لیڈر سوربھ بھاردواج نے ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس بات کا  خیال رکھنا چاہئے کہ الیکشن کے دن کچھ بھی غلط نہ ہو۔ اگر کسی جگہ پر ووٹنگ کی رفتار سست ہے تو ہم پولیس اور حکام سے اسے ٹھیک کرنے کی درخواست کریں گے۔ ووٹنگ کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے گرمیوں میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
آپ   کے راجیہ سبھا کے رکن  سنجے سنگھ نے کہا کہ انتخابات جمہوریت کا تہوار ہیں اور ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے۔ میں ہاتھ جوڑ کر ہندوستان کے لوگوں سے اپیل کروں گا کہ وہ آئین کو مضبوط کرنے، جمہوریت کے تحفظ  اور آمریت کے خاتمے کے لیے ووٹ دیں۔ ہم سب جانتے ہیں کہ جب سیاسی، جمہوری نظام ہوتا ہے تو سب کچھ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے ذریعے چلتا ہے۔ اچھے نمائندے وہاں جائیں گے تو اسکول، اسپتال، بجلی اور پانی کے لیے کام کریں گے۔
انڈیا  اتحاد  نے 300 سے زیادہ سیٹیں جیتنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ  بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) اور قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے )  پورے ملک میں اپنی طاقت کھو چکے ہیں اور اس کے بنیادی  اسباب  مہنگائی اور بے روزگاری ہیں۔



Comments


Scroll to Top