Latest News

باراتیوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 25 لوگوں کی موت

باراتیوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 25 لوگوں کی موت

پوڑی گڑھوال/دہرا دون:  اتراکھنڈ کے ضلع پوڑی گڑھوال میں منگل کی دیر شام باراتیوں سے بھری بس گہری کھائی میں گرنے سے اب تک 25 لوگوں کی موت ہو گئی ہے- ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور پولیس اہلکاروں اور گاؤں والوں کے ذریعہ رات بھر کی راحت رسانی کارروائی میں 21 باراتیوں کو زخمی حالت میں قریبی صحت مراکز میں لے جایا گیا ہے ریسکیور آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔
ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولس (ڈی جی پی) اشوک کمار نے بدھ کی صبح یو این آئی کو بتایا کہ اس حادثے میں اب تک پچیس لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ بس میں تقریباً 45 سے 50 افراد سوار تھے۔
واضح رہے کہ ہریدوار کے شیام پور علاقہ کے گاؤں لالڈھنگ میں واقع شیو مندر کے پاس رہنے والے سندیپ کے بیٹے نند رام کی بارات منگل کی دوپہر ایک بجے ضلع پوڑی گڑھوال  کے کنڈا گاؤں کے لیے گھر سے نکلی تھی۔ بارات میں جانے والے افراد ایک بس میں تھے،  جب کہ دولہا سندیپ کار سے گیا تھا۔ باراتیوں کی بس پوڑی کے بیرونکھال سمدی بینڈ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ اتراکھنڈ کے پوڑی گڑھوال میں بس کے وادی میں گرنے کے حادثے میں جانی ہلاکتوں سے میں غمزدہ ہوں۔ اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے تئيں میری گہری تعزیت ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔
 



Comments


Scroll to Top