National News

ریپڈ ریل اور ایکسپریس وے سے میرٹھ-دہلی سفر 50 منٹ میں ممکن: یوگی

ریپڈ ریل اور ایکسپریس وے سے میرٹھ-دہلی سفر 50 منٹ میں ممکن: یوگی

میرٹھ: اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ایک دہائی پہلے تک میرٹھ سے دہلی کی تقریباً 80 تا 90 کلو میٹر کی مسافت طے کرنے میں چار سے پانچ گھنٹے لگ جاتے تھے اور جام کے خدشے سے لوگ دہلی جانے سے ہچکچاتے تھے، لیکن آج ایکسپریس وے، ریپڈ ریل اور میٹرو جیسی سہولیات نے اس فاصلے کو محض 45 سے 50 منٹ تک محدود کر دیا ہےانہوں نے کہا کہ تقریباً 82 کلو میٹر طویل دہلی۔میرٹھ کاریڈور نے مغربی اتر پردیش کی تصویر بدل دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اسے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ابھرتے جدید ہندوستان کی نئی پہچان قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ نمو بھارت ریپڈ ریل اور میٹرو توسیعی پروگرام کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے، وندے بھارت اور امرت بھارت ٹرینوں کے ساتھ جدید عوامی ٹرانسپورٹ کے ذریعے شہروں کو تیز، محفوظ اور جدید انداز میں جوڑا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف آمد و رفت آسان ہوئی ہے بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی نئی رفتار ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی جانب سے گوتم بدھ نگر میں ایک نئے صنعتی پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، جو مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستان کی ترقی کی علامت ہے۔
حالیہ عالمی سربراہی اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندوں نے ہندوستان کے ترقیاتی سفر کی ستائش کی ہے۔ ڈیجیٹل انڈیا کی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج 140 کروڑ سے زائد افراد کو ڈیجیٹل شناخت حاصل ہے اور اربوں ڈالر کے ڈیجیٹل لین دین ہو رہے ہیں۔ یہ وزیر اعظم کی دور اندیش قیادت اور محروم طبقات کو ترجیح دینے والی پالیسی کا نتیجہ ہے، جس کے تحت بغیر کسی امتیاز کے غریبوں، کسانوں، نوجوانوں اور معاشرے کے ہر طبقے تک سرکاری اسکیموں کا فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے بڑے منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کا کوئی مضبوط نظام نہیں تھا، لیکن اب بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگس کے ذریعے وقت پر تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔ گزشتہ دس برسوں میں ملک میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں غیر معمولی توسیع ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ گوتم بدھ نگر میں ملک کا سب سے بڑا بین الاقوامی ہوائی اڈہ زیر تعمیر ہے، جو جلد مکمل ہو کر ریاست کی رابطہ سہولتوں کو نئی بلندی دے گا۔
اس کے علاوہ اتر پردیش میں اسپورٹس یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی و صنعتی منصوبے بھی تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریپڈ ریل، میٹرو، ایکسپریس وے اور صنعتی کاریڈور جیسے منصوبے ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد ہیں اور اتر پردیش اس تبدیلی میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
آخر میں انہوں نے میرٹھ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ ترقی کی اس سفر کا گواہ ہے اور آنے والے وقت میں مغربی اتر پردیش ملک کی معیشت میں مزید اہم کردار ادا کرے گا۔
                
 



Comments


Scroll to Top