National News

ٹرمپ نے یورپی یونین، میکسیکو پر 30 فیصد ٹیرف عائد کیا، دونوں اسے غیر منصفانہ فیصلہ قرار دیا

ٹرمپ نے یورپی یونین، میکسیکو پر 30 فیصد ٹیرف عائد کیا، دونوں اسے غیر منصفانہ فیصلہ قرار دیا

نئی دہلی/واشنگٹن:امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بین الاقوامی تجارتی دنیا میں ہلچل مچانے والے ایک اور فیصلے کے تحت، اپنے ملک کے دو اہم تجارتی شراکت داروں یورپی یونین اور میکسیکو کے خلاف یکم اگست سے 30-30 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ کے اتحادی اس فیصلے سے بے چین ہیں اور انہوں نے اس پر ردعمل دینا شروع کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ہفتہ کے روز یورپی یونین کی ایگزیکٹو سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین اور میکسیکو کی صدر کلاوڈیا شینباوم کو الگ الگ خطوط لکھ کر اپنی حکومت کے ان فیصلوں سے آگاہ کیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر بھی ان فیصلوں کو شیئر کیا۔
یورپی یونین اور میکسیکو دونوں نے صدر ٹرمپ کے ان اعلانات کو غیر منصفانہ اور تجارت میں رکاوٹ ڈالنے والی کارروائی قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی ان کی جانب سے امریکہ کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے اور اگست سے پہلے تجارتی معاہدہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔
یورپی کمیشن کی صدر ارسلا لیین نے کہا ہے کہ یونین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گی اور اگر ضرورت پڑی تو جوابی کارروائی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے یورپی کمیشن کے تجارتی حل اور یورپ اور امریکہ کے درمیان تعمیری شراکت داری کے لیے امریکہ کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
میکسیکو نے امریکی فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے اتفاق نہیں کرتا۔ میکسیکو کی طرف سے جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے اور ٹیرف کے انتظامات تک پہنچنے کے لیے تیار ہے جو سرحد کے دونوں جانب کاروبار اور روزگار کے مفاد میں ہو۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے امریکہ کے اس فیصلے سے شدید اختلاف کا اظہار کرتے ہوئے 27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین سے ’یورپی مفادات کا بھرپور تحفظ‘ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے یونین سے کہا ہے کہ ’اس فیصلے کے خلاف قابل اعتماد اقدامات کرنے کے لیے اس کے پاس دستیاب تمام وسائل یکجا کیے جائیں۔‘
اس پر اسپین اور جرمنی نے بھی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے مسٹر ٹرمپ کے یکطرفہ فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیا جبکہ جرمن وزیر اقتصادیات کیتھرینا ریخ نے کہا کہ یورپی یونین کو باقی وقت میں امریکہ کے ساتھ عملی بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش جاری رکھنی چاہیے۔
 



Comments


Scroll to Top