نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ دہلی حکومت اپنے نظم و نسق کے نظام کو زیادہ قابل رسائی، تیز اور شفاف بنانے کے لیے کام کر رہی ہے ریکھا گپتا نے ہفتہ کو کہا کہ سرکاری دفاتر کو ڈجیٹل بنانے کے لیے افسران اور نچلے عملے کو تربیت دی گئی ہے۔ ہماری حکومت چاہتی ہے کہ جب مرکزی حکومت کے تمام دفاتر اس نظام پر کام کر رہے ہوں تو ملک کے دارالحکومت کے سرکاری دفاتر کو بھی ای-آفس سسٹم کو اپنانا ہوگا۔ اس سسٹم کا فائدہ یہ ہو گا کہ ہر کسی کی ذمہ داری طے ہو جائے گی اور یہ اطلاع مسلسل دستیاب رہے گی کہ فائل کتنے دنوں سے افسر یا محکمے کے پاس زیر التوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈجیٹائزیشن صرف تکنیکی تبدیلی نہیں ہے بلکہ انتظامی کارکردگی، شفافیت اور ماحولیاتی تحفظ کا سنگم ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہر سرکاری کام تیز، درست اور عوام پر مرکوز ہونا چاہیے اور ای آفس پلیٹ فارم اس سمت میں ایک مضبوط قدم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی حکومت کے کل 199 محکموں میں سے 119 محکمے اب پوری طرح سے ای-آفس پر کام کر رہے ہیں۔ جون کے مہینے میں یہ 22 فیصد تھا جو بڑھ کر تقریباً 60 فیصد ہو گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ای آفس سسٹم نے نہ صرف کاغذ کی کھپت کو موثر طریقے سے روکا ہے بلکہ فیصلہ سازی کے عمل کو تیز تر اور شفاف بنایا ہے۔ دہلی حکومت کے افسران اور ملازمین اب فائلوں کی ڈجیٹل ٹریکنگ، تیز تر منظوری اور فوری نفاذ سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔