نئی دہلی:دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے قومی راجدھانی کی جھگی بستیوں میں دہائیوں سے رہنے والے پسماندہ خاندانوں کو درپیش دیرینہ مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سابقہ حکومتوں نے ان کو نظر انداز کیا اور ان باشندوں کے ساتھ محض ووٹ بینک کے طور پر سلوک کیا محترمہ ریکھا گپتا نے سابقہ حکومتوں پر الزام لگایا کہ وہ بنیادی سہولیات جیسے بیت الخلاء، پارکس، سڑکیں، نکاسی کا نظام اور جھگیوں میں رہنے والوں کو مستقل رہائش فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں، اور ان حکومتوں کا نقطہ نظر "غریبوں، پسماندہ طبقوں کو محروم اور انہیں خوفزدہ رکھنے کا تھا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ نئے راشن کارڈ جاری کرنے کا عمل جو تقریباً 15 سال سے بند پڑا تھا، اسے دوبارہ شروع کیا جائے گا، غیر اہل استفادہ کنندگان کے کارڈ منسوخ کرکے حقیقی ضرورت مند خاندانوں کو نئے کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
اسی طرح، انہوں نے کہا کہ بند پنشن اسکیموں کو بھی بحال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد، راشن کارڈ، پنشن اور دیگر فلاحی اسکیموں سے متعلق تمام معطل کاموں کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی اسی وقت برقرار رہ سکتی ہے جب تمام عوامی نمائندے، ممبران پارلیمنٹ، ایم ایل اے اور کونسلر ایک ہی مقصد اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔
محترمہ ریکھا گپتا نے الزام لگایا کہ سابقہ حکومت نے 50,000 فلیٹ بنانے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے، لیکن انہیں کبھی غریبوں کو الاٹ نہیں کیا گیا۔
سی ایم کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی نے غریبوں کی مشکلات کو اپنا سمجھا، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ملک گیر فلاحی اقدامات جیسے بیت الخلاء کی تعمیر، اجولا گیس کنکشن اسکیم، مستقل رہائش، مفت راشن، اور کئی دیگر اسکیمیں شروع کیں، جن سے لاکھوں غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔
ریکھا گپتا نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے تیار شدہ سرکاری فلیٹس کو برسوں تک غیر استعمال شدہ رہنے دیا، جس کی وجہ سے وہ بوسیدہ ہو گئے، جب کہ ان کی حکومت اب اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ہر غریب خاندان کو ایک باوقار مستقل گھر ملے۔
وزیر اعلی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کچی آبادیوں میں رہنے والے غریب خاندانوں کی بہبود کے لیے پرعزم ہے، اسی لیے ان کی ترقی کے لیے 700 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
وزیر اعلی کے مطابق، جھگی بستی کے علاقوں میں آیوشمان آروگیہ مندر، اٹل کینٹین، بستی وکاس کیندر، سڑکوں اور نکاسی آب میں بہتری اور دیگر ضروری سہولیات مختص فنڈ کے ذریعے تیار کی جا رہی ہیں۔
ریھکا گپتا نے وزیر پور انڈسٹریل ایریا کے بی بلاک میں منعقدہ جھگی-جھوپڑی سوابھیمان سبھا میں حصہ لیا، جس میں بڑی تعداد میں جھگی بستیوں کے باشندوں، مقامی لوگوں اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔