National News

ایس آئی آر عمل مہلک، بی ایل اوکی موت پر مودی-گیانیش کو جواب دینا چاہئے: کانگرس

ایس آئی آر عمل مہلک، بی ایل اوکی موت پر مودی-گیانیش کو جواب دینا چاہئے: کانگرس

نئی دہلی:کانگرس نے ووٹر لسٹ کے اسپیشل انٹینسیو ریویڑن (ایس آئی آر) کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کو انجام دینے والے بی ایل اوز کام کے دباو کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں اور اس کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ذمہ دار ہیں کانگریس کے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمس کی سربراہ سپریہ شرینتے نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بی ایل او کو مجبور کیا جا رہا ہے اور پسماندہ اور دلتوں کے ووٹ کاٹے جا رہے ہیں۔ کن پٹی پر بندوق رکھ کر ایس آئی آر کروانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ بی جے پی کے اشارے پر ملک کی جمہوری طاقت کو تباہ کیا جا رہا ہے اور کانگرس لیڈر راہل گاندھی کی طرف سے ایس آئی آر سے متعلق پوچھے گئے سوالات کا جواب نہیں دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی ایل اوز پر کام کا زبردست دباو ہے، وہ خودکشی پر مجبور ہیں۔ انہیں ایس آئی آر کے لیے شدید دباو میں کام کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور 20 دنوں میں 26 بی ایل اوز کی موت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن دہاڑے قتل ہے۔ گونڈہ کے بی ایل او وپن یادو نے زہر کھا کر اپنی جان دے دی۔ ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وپن یادو پر او بی سی ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کرنے کے لیے دباو ڈالا جا رہا تھا۔ بی ایل او کی ایس آئی آر کے دباو میں جان جارہی ہے اور مسٹر مودی اور مسٹر گیانیش کمار اس کے ذمہ دار ہیں اور انہیں اس کا جواب دینا چاہیے۔
کانگرس ترجمان نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ ’کن پٹی پر کٹا‘ رکھ کر ایس آئی آر کیوں کرایا جا رہا ہے۔ آج ہی مہاراشٹر کے بلدیاتی انتخابات سے پہلے بڑے پیمانے پر ووٹ چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ دو کوچنگ سینٹرز میں 600 افراد رجسٹرڈ ہیں، وہیں 3500 سے زائد لوگ ایسے ہیں، جن کا پتہ ہی غلط ہے۔ دوسری جانب چین اروناچل پردیش کو اپنا ہونے کا دعویٰ کر رہا ہے جب کہ وزیر اعظم سرخ آنکھیں بند کیے بیٹھے ہیں۔ ایس آئی آر کے ذریعہ ’ووٹ چوری‘ کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک ریاست جہاں 20 سال سے بی جے پی کی حکومت ہے، وہاں 93 فیصد کی اسٹرائیک ریٹ آنا ممکن ہی نہیں ہے۔ ایسے میں بچہ بچہ جانتا ہے کہ ایس آئی آر کے ذریعہ ووٹ چوری کا کام کرایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ ملک کو مودی حکومت سے خطرہ ہے جس نے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر دیا ہے۔ کسانوں کو ان کی فصل کی قیمت نہیں مل رہی ہے، لوگوں کو ان کے حق رائے دہی سے محروم کیا جا رہا ہے، خواتین پر تشدد ہو رہا ہے، لیکن ان سوالوں کا کوئی جواب نہیں دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے میڈیا پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ مسٹر مودی اور حکومت سے سوال نہیں کرتا، 26 بی ایل او کی موت پر کوئی بحث نہیں ہوتی، ایس آئی آر کے بارے میں کوئی بحث نہیں ہوتی، چین کے اروناچل پردیش کو اپنا ہونے کا دعویٰ کرنے پر کوئی ڈیبیٹ نہیں ہوتی اورآر ایس ایس کو امریکہ میں لابنگ کے لیے کروڑوں ڈالر دینے پر سوال نہیں پوچھا جاتا۔



Comments


Scroll to Top