نئی دہلی: بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے جمعہ کو پیٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں 10-10 روپے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کیا یہ کمی فوری طور پر نافذ ہو گئی ہے حکومت کے اس فیصلے سے تیل مارکیٹنگ کمپنیوں پر دباو¿ کم ہوگا اور انہیں فی الحال پیٹرول-ڈیزل کی قیمتیں نہیں بڑھانی پڑیں گی۔
وزارتِ خزانہ نے آج جاری نوٹیفکیشن میں بتایا کہ پیٹرول پر خصوصی اضافی ایکسائز ڈیوٹی 13 روپے فی لیٹر سے گھٹا کر تین روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 10 روپے فی لیٹر سے گھٹا کر صفر کر دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھاکہ "مغربی ایشیا بحران کے پیش نظر گھریلو استعمال والے پیٹرول-ڈیزل پر مرکزی ایکسائز ڈیوٹی میں 10-10 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے۔ اس سے صارفین کو قیمتوں میں اضافے سے تحفظ ملے گا۔" انہوں نے بتایا کہ اس کی اطلاع پارلیمنٹ کو بھی دے دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی ایشیا بحران کے سبب بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے تیل کمپنیوں پر دونوں ایندھنوں کی قیمتیں بڑھانے کا دباو¿ تھا۔ ایکسائز ڈیوٹی میں کمی سے انہیں راحت ملے گی۔
بین الاقوامی بازار میں مارچ کا برینٹ کروڈ فیوچر فی الحال 0.5 فیصد گر کر تقریباً 107.5 ڈالر فی بیرل پر ہے۔ مغربی ایشیا بحران کے بعد سے اس کی قیمت تقریباً 50 فیصد بڑھ چکی ہے۔
یہ کمی عوامی تیل کمپنیوں کے نیپال، بھوٹان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو کیے جانے والے برآمدات پر بھی لاگو ہوگی۔ اس کے علاوہ حکومت نے ڈیزل کے برآمد پر 21.5 روپے اور ایوی ایشن فیول کے برآمد پر 29.5 روپے فی لیٹر کا محصول لگایا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سے ملک میں ڈیزل اور ایوی ایشن فیول کی زیادہ دستیابی یقینی ہو سکے گی۔
پیٹرول-ڈیزل کے برآمد پر خصوصی ایکسائز ڈیوٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ برآمد شدہ پیٹرول پر خصوصی ایکسائز ڈیوٹی صفر ہے جبکہ ڈیزل پر 18.5 روپے فی لیٹر ہے۔
اس کمی کے بعد پیٹرول پر بنیادی ایکسائز ڈیوٹی 1.40 روپے، خصوصی اضافی ایکسائز ڈیوٹی تین روپے، زرعی انفراسٹرکچر و ترقی سیس 2.50 روپے اور اضافی ایکسائز ڈیوٹی (سڑک و انفراسٹرکچر سیس) پانچ روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ڈیزل پر بنیادی ایکسائز ڈیوٹی 1.80 روپے، خصوصی اضافی ایکسائز ڈیوٹی صفر، زرعی انفراسٹرکچر و ترقی سیس چار روپے اور خصوصی ایکسائز ڈیوٹی (سڑک و انفراسٹرکچر) دو روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ان مرکزی ٹیکسوں کے علاوہ پیٹرول-ڈیزل پر ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی طرف سے الگ الگ ویٹ بھی لگایا جاتا ہے۔
اس دوران، غیر برانڈڈ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں جمعہ کو بھی غیر متبدل رہیں۔ ملک کی سب سے بڑی تیل کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق، قومی دارالحکومت میں آج پیٹرول کی قیمت 94.77 روپے اور ڈیزل کی 87.67 روپے فی لیٹر پر مستحکم رہی۔ غیر برانڈڈ پیٹرول-ڈیزل کی قیمت میں 30 اکتوبر 2024 کے بعد سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔