اسلام آباد:پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 2 روز قبل منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے 27 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ریسکیو کا عمل مکمل ہونے میں اب بھی کئی گھنٹے لگیں گے کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں واقع گدا پیلس کو زمین بوس ہوئے کئی گھنٹے سے زائد گزر گئے لیکن آپریشن مکمل نہیں کیا جاسکا۔ ملبہ ہٹانے کے لئے ہیوی مشینری کا استعمال بھی کیا جارہا ہے لیکن ملبے سے مزید لاشیں نکلنے کے خدشے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن کو تیزی سے نہیں کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق، کراچی میں لیاری کے علاقے بغدادی میں منہدم ہونے والی عمارت سے اب تک 27 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان خان کا کہنا ہے کہ ریسکیو کا عمل مکمل ہونے میں اب بھی تین سے پانچ گھنٹے لگیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیاں اس اس وقت تک نہیں روکی جا سکتیں جب تک تمام ملبہ نہ ہٹا لیا جائے اور حتمی سرچ آپریشن نہ کر لیا جائے۔
یاد رہے کہ جمعے کی صبح گرنے والی اس پر عمارت کے ملبے تلے اب بھی لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، ملبہ گرنے سے قریبی عمارت کی سیڑھیاں بھی دھنس گئی تھیں، تاہم عمارت کے ملبے تلے پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
جمعہ کے روز لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت زمیں بوس ہوگئی تھی، ابتدائی طور پر پہلی رات تک حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے۔