نئی دہلی:قومی دارالحکومت دہلی میں تیزی سے بڑھتی فضائی آلودگی کے بحران پر انڈیا اتحاد کے اراکینِ پارلیمنٹ نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاوس کے مکر دوار کے سامنے احتجاج کیا اور حکومت سے اس مسئلے پر ایوان میں تفصیلی بحث کرانے کا مطالبہ کیا احتجاج میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی رہنما سونیا گاندھی، راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف ملکاارجن کھڑگے, پرینکا گاندھی واڈرا, ڈی ایم کے کے ٹی آر بالو, این سی پی کی سپریا سولے سمیت کئی اراکینِ پارلیمنٹ نے حصہ لیا۔
سیاست دان ہاتھوں میں بینر اور تختیاں اٹھائے ہوئے تھے، جن میں سے ایک بینر پر لکھا تھا: "موسم کا مزہ لیں" — یہ جملہ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے چند روز قبل کہا تھا۔
اراکینِ پارلیمنٹ نعرے لگاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کر رہے تھے کہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں فضائی آلودگی کے مسئلے پر فوری بحث کرائی جائے۔ اپوزیشن اس موضوع کو کئی بار ایوان میں اٹھانے کی کوشش کر چکی ہے اور اس سلسلے میں مسلسل تحریک التوا بھی لوک سبھا اسپیکر کو دے رہی ہے۔
بعد ازاں سونیا گاندھی نے کہابچے سانس نہیں لے پا رہے ہیں۔ ہم جیسے بزرگوں کو بھی سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔
پریانکا گاندھی واڈرا نے کہا:
"کس موسم کا لطف لیں؟ باہر کی حالت دیکھئے۔ ہر سال حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ ہر سال صرف بیانات دیئے جاتے ہیں، کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جاتا۔ حکومت کو عملی کارروائی کرنی ہوگی، اور ہم سب اس میں تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ یہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں کہ ایک دوسرے پر انگلی اٹھائی جائے۔
سونیا گاندھی نے آلودگی کے بحران پر بدھ کو اخبار میں ایک مضمون بھی لکھا تھا، جس میں حکومت کی کانکنی کی اجازت دینے والی پالیسی پر تنقید کی گئی تھی۔
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی بھی کئی دنوں سے اس مسئلے پر سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں۔