National News

سابق اسرائیلی فوج کی ٹرینر یہودی خاتون ٹک ٹاک میں نفرت انگیز مواد کی نگرانی پر تعینات

سابق اسرائیلی فوج کی ٹرینر یہودی خاتون ٹک ٹاک میں نفرت انگیز مواد کی نگرانی پر تعینات

واشنگٹن: اسرائیلی فوج کی سابق ٹرینر امریکی یہودی خاتون ایریکا منڈیل کو چینی شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک میں نفرت انگیز مواد کی نگرانی کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔ ترک نشریاتی ادارے 'ٹی آر ٹی‘ کے مطابق ایریکا منڈیل ماضی میں اسرائیلی فوج کو بھی مختلف موضوعات پر تربیت دے چکی ہیں جب کہ وہ متعدد یہودی تنظیموں کے اعلیٰ عہدوں پر بھی تعینات رہی ہیں۔ ایریکا منڈیل سابق امریکی صدر جوبائیڈن کے دور حکومت میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں نفرت انگیز مواد اور خصوصی طور پر یہود مخالفت مواد کی نگرانی کی عہدیدار بھی رہ چکی ہیں۔

مذکورہ خاتون یہودیوں کی بہتری و فلاح و بہبود کےلیے کام کرنے والی متعدد امریکی اور دیگر عالمی تنظیموں میں بھی مختلف عہدوں پر تعینات رہ چکی ہیں۔ ایریکا منڈیل کو ٹک ٹاک میں اگرچہ 'ہیٹ اسپیچ‘ مینیجر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ خصوصی طور پر یہود مخالف پوسٹس کو ہذف یا ہٹانے کے کام کی نگرانی کریں گی۔ حالیہ کچھ عرصے میں اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں جاری نسل کشی کے بعد ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہودی یا یہود دوست عہدیداروں کو تعینات کرکے اسرائیل مخالف مواد کو ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹک ٹاک کو اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے فلسطین میں جاری جنگ کے اسرائیلی مظالم دکھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جب کہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی اسرائیل مخالف مواد کی تشہیر پر تنقید کا سامنا ہے، جس کے بعد اب ٹک ٹاک نے یہود مخالف مواد کی نگرانی کے لیے یہودی خاتون کو عہدے پر تعینات کردیا۔ ٹک ٹاک کی جانب سے یہودی خاتون کو نفرت انگیز مواد کے کام کی نگرانی پر تعینات کرنے پر تنقید بھی سامنا ہے اور اس پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ ٹک ٹاک نے دراصل یہود مخالف مواد ہٹانے کے لیے ایریکا منڈیل کو تعینات کیا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top