National News

یوپی حکومت کا 6.15 لاکھ کروڑ کا بجٹ پیش، یوگی نے بجٹ کوخوشیوں کا دروازہ قراردیا

یوپی حکومت کا 6.15 لاکھ کروڑ کا بجٹ پیش، یوگی نے بجٹ کوخوشیوں کا دروازہ قراردیا

لکھنؤ:اتر پردیش کے وزیر خزانہ سریش کھنہ نے اسمبلی میں جمعرات کو یوگی حکومت کی دوسری مدت کار کا پہلا بجٹ پیش کرتے ہوئے اس میں مالی سال 2022-23 کے لیے 6.15 لاکھ کروڑ روپے کے تخمینی اخراجات کاالتزام تجویزکیاہے۔حکومت کا دعوی ہے کہ یہ بجٹ تجویز ریاست کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی بجٹ تجویز ہے۔ ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کھنہ کے ذریعہ پیش کیے گئے پہلے 'پیپر لیس بجٹ' پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خود کفیل یوپی کے لیے خوشیوں کا دروازہ قرار دیا ہے۔ بجٹ پیش کئے جانیکے بعد یوگی نے کہا، "خودکفیل اترپردیش اور انتیودے کے تصور کی تکمیل کے لیے وقف عوامی بہبود کے بجٹ کے لئے محترم وزیر خزانہ جناب شریش کھنہ جی کودل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ مالی سال 2022-2023 کا یہ بجٹ ریاست کے عوام کے لیے خوشی کا دروازہ ثابت ہوگا۔
قبل ازیں کھنہ نے ، مقننہ کے دونوں ایوانوں میں بجٹ پیش کرتے ہوئے یوپی حکومت کے بجٹ میں بڑھاپے کی پنشن اسکیم کے لیے 7053.56 کروڑ روپے اور بے سہارا خواتین کی پنشن اسکیم کے لیے 4,032 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کی اہم ترین اسکیم 'نیشنل رورل ہیلتھ مشن' کے لیے کھنہ نے 10,547.42 کروڑ روپے اور 'مکھیہ منتری ساموہک ووہاہ یوجنا' کے لیے 600 کروڑ روپے کی تجویز پیش کی۔
بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے ایوان میں اپنے شاعرانہ تاثرات چھوڑتے ہوئے بجٹ تقریر کے آغاز میں حکومت کی راہ میں آنے والے چیلنج کا ذکرشاعری کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا وہ پتھ کیا، پتھک کشلتاکیا، جس پتھ میں بکھرے شول نہ ہوں، ناوک کی دھیریہ پریکشا کیا، جب دھارائیں پرتیکول نہ ہوں۔
اس طرح انہوں نے بجٹ تقریر کے آغاز کی طرح ہی اس کا اختتام بھی ایک شعرسے کیا۔ کھنہ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی کے پرجوش کام کرنے کے انداز کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "تیرے جنون سے نیتیجہ ضرور نکلے گا، کسی سیاہ سمندر سے نور نکلے گا۔"



Comments


Scroll to Top