National News

راہل گاندھی اے آئی سمٹ میں احتجاج کے لیے معافی مانگے: بی جے پی

راہل گاندھی اے آئی سمٹ میں احتجاج کے لیے معافی مانگے: بی جے پی

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعہ کے روز اے آئی سمٹ کے مقام، بھارت منڈپم کے اندر یوتھ کانگریس کے کارکنوں کی طرف سے ہند امریکہ تجارتی معاہدے کے خلاف "نیم عریاں" احتجاج پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک صورتحال ہے اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو اس پر معافی مانگنی چاہئے پارٹی کے سینئر لیڈر اور پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے ہفتہ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کانگریس پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس نے اے آئی سمٹ میں خلل ڈالنے کے لیے اپنی یوتھ ونگ کا استعمال کرکے "ملک کے خلاف گناہ کا ارتکاب کیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے اس واقعہ کو 'منصوبہ بند سازش' قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'کانگریس کا نوجوانوں کو اس طرح سے ملک کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کرنا شرمناک ہے'۔ انہوں نے کہا کہ یہ جرم ایسے وقت میں ایک منصوبہ بند حکمت عملی کے تحت کیا گیا جب ملک کو سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے عالمی سطح پر پہچان حاصل ہورہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سمٹ میں کانگریس پارٹی کی حرکتوں کی پورا ملک مذمت کر رہا ہے، لیکن پارٹی اور اس کے لیڈر معافی مانگنے کو تیار نہیں ہیں۔ جب ہندوستان ترقی کرتا ہے تو کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور ان کی پارٹی ناخوش ہوتی ہے۔ کانگریس کے رہنما اور کارکنان ہندوستان کو بدنام کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے سازشیں کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کانگریس پارٹی سے سوال کیا، "آپ ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونا کب بند کریں گے؟ یہ حرکت شرمناک ہے، اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو اس کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔ یہ حرکت کانگریس کی جانب سے عالمی تقریب کے دوران ملک کی شبیہ کو خراب کرنے کی دانستہ کوشش ہے
انہوں نے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ یوتھ کانگریس کے کارکنان ایکسپو ہال میں داخل ہوئے اور مجوزہ ہند-امریکہ تجارتی معاہدے پر وزیر اعظم کو نشانہ بناتے ہوئے نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ یوتھ کانگریس کے احتجاج کے خلاف بی جے پی نے ہفتہ کے روز ملک بھر میں احتجاج کیا۔ سوشل میڈیا پر پارٹی لیڈروں کے شیئر کردہ ویڈیو کے مطابق، بی جے پی کارکنوں نے کئی شہروں بشمول دہلی، ادھم پور، سورت، بنگلور، تلنگانہ، جے پور اور ممبئی میں مظاہرہ کیا۔ بی جے پی یووا مورچہ کی دہلی یونٹ کے کارکنوں نے قومی دارالحکومت میں کانگریس ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاج کیا۔
                
 



Comments


Scroll to Top