ڈھاکہ: ترکیہ ایئرلائنز کے ایک طیارے کو منگل کی صبح پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ایئرپورٹ پر اس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی جب ایک پرندہ اس کے انجن سے ٹکرا گیا۔ ٹیم ٹی کے ڈھاکہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، 290 مسافروں کو لے کر ترکیہ جانے والا طیارہ ٹی کے-713 صبح سات بجے پرواز کے لیے روانہ ہوا۔
کچھ ہی دیر بعد طیارے کے دوسرے انجن پر غیر متوقع طور پر ایک پرندے کے ٹکرانے کی وجہ سے پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی اور اس دوران کسی بھی غیر متوقع واقعے سے بچنے کے لیے آسمان میں چکر لگا کر تمام اضافی ایندھن خرچ کر دیا۔ بالآخر طیارے نے صبح 8:15 بجے لینڈنگ کی۔ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے،ہمیں یہ تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہے کہ تمام مسافر، عملے کے ارکان اور طیارہ محفوظ ہیں۔
چونکہ طیارے کو مرمت کی ضرورت ہے، اس لیے اس عمل میں کچھ وقت لگے گا۔" ایک ہفتے کے اندر طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 16 مئی کو بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے ایک طیارے کو کاکس بازار ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے کے بعد ایک پہیہ الگ ہونے کی وجہ سے ڈھاکہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تھی۔