پشاور :پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز نے تین مختلف مقابلوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فوج نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ پاکستانی فوج کے میڈیا ونگ 'انٹر سروس پبلک ریلیشنز' نے بتایا کہ 9-10 ستمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے مہمند، شمالی وزیرستان اور بنوں کے اضلاع میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا۔ ضلع مہمند میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 دہشت گرد مارے گئے۔

شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیے گئے ایک اور آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے مقابلے میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ دریں اثناءبدھ کی شب ضلع لکی مروت کے علاقے نصر خیل میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے خفیہ ایجنسی کے اہلکار کے گھر کو مسمار کر دیا اور اسلحے سمیت فرار ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ عسکریت پسند زبردستی گھر میں داخل ہوئے، اس کے اہل خانہ کو ایک کمرے میں یرغمال بنایا اور پھر افسر کے گھر کے ایک حصے کو منہدم کردیا۔ عسکریت پسندوں نے صوبے کے جنوبی اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی اہلکاروں، خاص طور پر پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری سے وابستہ افراد کے خلاف اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔