اورنگ آباد:کانگرس کے رہنما راہل گاندھی نے اورنگ آباد ضلع کے پکہااور کٹمبا میدان میں منگل کو عام جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور وزیراعظم نریندر مودی پر شدید حملہ کیا راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کے نوجوانوں کو ملک کا مزدور بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس سرزمین پر کبھی نالندہ جیسی عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی تھی، آج اسی بہار کے نوجوان روزگار کے لیے بھٹک رہے ہیں اور دوسری ریاستوں میں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
وزیر اعظم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے رہنماو¿ں نے بہار کے عوام کو جھوٹے وعدوں اور خوابوں میں الجھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب مودی جی کے کسی وعدے پر بھروسہ کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے عوام کو بار بار خواب دکھائے لیکن انہیں پورا نہیں کیا۔
راہل گاندھی نے وعدہ کیا کہ اگر بہار میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنی تو یہاں ایسی عالمی معیار کی یونیورسٹی قائم کی جائے گی جہاں چین اور جاپان کے طلبہ بھی پڑھنے آئیں گے۔
چھٹھ پوجاکے بہانے وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہاکہ دہلی میں نقلی جمنا بنا کر بہار کی عقیدت کا مذاق اڑایا گیا، اور جب راز کھل گیا تو سارا ڈرامہ بند کر دیا گیا۔
انہوں نے ریاستی حکومت کومودی۔شاہ کے ریموٹ کنٹرول سے چلنے والا انتظامیہ قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی اب ووٹ چوری کی سیاست میں لگی ہوئی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ آئین ہی ملک کی جان ہے اور یہ دلتوں، پسماندہ طبقات اور غریبوںکے حقوق کی حفاظت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن کی حکومت ذات یا مذہب نہیں بلکہ روزگار، تعلیم اور صحت کو ترجیح دے گی۔
انہوں نے کہاکہ ہم ”میڈان چائنا“نہیں بلکہ میڈ ان بہارکے خواب کو حقیقت بنائیں گے۔
نوجوانوں کی بے روزگاری پر بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے نوجوانوں کو نوکریاں دینے کے بجائے سستا ڈیٹا اور ریل بنانے کا نشہ پکڑا دیا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوان سوال نہ پوچھیں، بس ریل بناتے رہیں۔ آج صنعت کاروں کی جیب بھر رہی ہے اور نوجوانوں کے ہاتھ خالی ہیں۔
جلسے میں جمع بڑی بھیڑکے درمیان راہل گاندھی نے عوام سے کانگرس امیدوار آنند شنکر سنگھ کو بھاری ووٹوں سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
جلسے میں کانگریس کے صوبائی صدر راجیش رام اور امیدوار آنند شنکر سنگھ نے بھی خطاب کیا۔
دونوں رہنماو¿ں نے راہل گاندھی کی قیادت میں بہار میں تبدیلی اور انصاف کی سیاست کا پیغام دیا۔