National News

این ڈی اے کو گھس پیٹھیوں کا ووٹ نہیں چاہیے، نوجوانوں اورجیویکا دیدیوں کے ووٹ سے جیتیں گے: شاہ

این ڈی اے کو گھس پیٹھیوں کا ووٹ نہیں چاہیے، نوجوانوں اورجیویکا دیدیوں کے ووٹ سے جیتیں گے: شاہ

سہسرام :مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق قومی صدر امیت شاہ نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو اور کانگریس رہنما راہل گاندھی پر حملہ کرتے ہوئے اتوار کو کہا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کوگھس پیٹھیوں کا ووٹ نہیں چاہیے اور وہ نوجوانوں اور جیویکا دیدیوں کے ووٹ سے حکومت بنائے گی مسٹر شاہ نے روہتاس ضلع میں این ڈی اے امیدواروں کے حق میں منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو اور راہل گاندھی نے گھس پیٹھیوں کو ووٹ بینک بنایا ہے۔ یہ دونوں لیڈرگھس پیٹھیا کوریڈور بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کو گھس پیٹھیوں کا ووٹ نہیں چاہیے۔این ڈی اے نوجوانوں اور جیویکا دیدیوں کے ووٹ سے حکومت بنانے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے راہل اور تیجسوی نے ایک یاترا نکالی تھی۔ یہ یاترا انہوں نے گھس پیٹھیوں کو بچانے کے لیے نکالی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں گھس پیٹھیے ہمارے نوجوانوں کی نوکریاں چھین رہے ہیں، غریبوں کے حصے کے راشن میں شامل ہو رہے ہیں اور ساتھ ہی ملک کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ راہل اور تیجسوی جو کرنا چاہیں، کر لیں، وہ آج سہسرام کی دھرتی سے یہ کہہ کر جاتے ہیں کہ این ڈی اے کی حکومت بہار اور ملک سے ایک ایک گھس پیٹھیے کو نکالے گی۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کو گھس پیٹھیوں کے ووٹ نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے نوجوانوں کے ووٹ اورلکھ پتی دیدی کے ووٹ سے جیتنے والی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ کانگرس۔لالو کی حکومت میں دہشت گرد ہماری سرزمین کو لہولہان کر دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کی حکومت دہشت گردوں کا خاتمہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اگر دہشت گرد گولی چلائیں گے تو ہم گولا سے جواب دیں گے، اور وہ گولے بہار میں ہی بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مودی حکومت ہے جس نے دہشت گردوں اور پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا۔ اگر پاکستان نے گولی چلائی تو اس کا جواب ہم گولے سے دیں گے۔ توپ کے یہ گولے بہار کے ڈیفنس کوریڈور میں بنیں گے۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ ساڑھے 500 سال پہلے بابر نے بھگوان شری رام کا مندر توڑا۔ پھر انگریزوں نے مندر کے دوبارہ تعمیر میں رکاوٹ ڈالی، پھر کانگریسیوں اور لالو یادو نے رکاوٹ ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی اور کانگریس والوں نے کبھی بھگوان رام اور ماں سیتا کا احترام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کی عوام نے مسٹر مودی کو دوبارہ وزیر اعظم بنایا تو مسٹر مودی نے ایودھیا میں بھگوان رام کا مندر بنوایا۔ اب این ڈی اے کی حکومت ماں سیتا کا عظیم الشان مندر بنانے جا رہی ہے۔ ڈھائی سال کے اندر ہی ساڑھے 800 کروڑ کی لاگت سے یہاں ماں سیتا کا عظیم الشان مندر بننے والا ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ بابو جگجیون رام اگر وزیر اعظم نہیں بنے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ کانگریس پارٹی نے انہیں نہیں بننے دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگرس پارٹی نے ہمیشہ بابوجی کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہا گٹھ بندھن این ڈی اے سے کم، اندر ہی اندر ایک دوسرے سے زیادہ لڑ رہا ہے لیکن این ڈی اے پانچ پانڈووں کی طرح متحد ہے، ایک ساتھ لڑ رہا ہے۔ یہی اتحاد آنے والے دنوں میں جیت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار میں لالٹین عہد ختم ہوا۔ اب ہر گھر میں بجلی پہنچی ہے اور 22-24 گھنٹے بجلی رہتی ہے۔
مسٹرشاہ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں راہل گاندھی اور لالو یادو کی پارٹی کا صفایا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی عوام نے ڈنکے کی چوٹ پر یہ پیغام دے دیا ہے کہ جنگل راج چاہے چہرہ بدل کر، کپڑے بدل کر، روپ بدل کر واپس آنے کی کوشش کرے، این ڈی اے حکومت اسے آنے نہیں دے گی۔ اب بہارسوشاسن سے ترقی کے راستے پر آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار جنگل راج والے چہرہ بدل کر آئے ہیں۔ اگر یہ لوگ آ گئے تو بہار میں ترقی رک جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہار نکسل سے پاک ہوگیا ہو گیا ہے اور اب گھس پیٹھییوں سے نجات پائے گا۔ بہار میں ایک بار پھر سے این ڈی اے کی حکومت بنے گی۔



Comments


Scroll to Top