National News

ایران کی حراست میں یوپی کا بیٹا : والد نے پی ایم مودی سے لگائی وطن واپسی کی گُہار، کہا- بیٹے نے کوئی جرم نہیں کیا

ایران کی حراست میں یوپی کا بیٹا : والد نے پی ایم مودی سے لگائی وطن واپسی کی گُہار، کہا- بیٹے نے کوئی جرم نہیں کیا

غازی آباد: ایران میں مرچنٹ نیوی کے ایک آئل ٹینکر پر خدمات انجام دینے والے انجینئر کیتن مہتہ کو حراست میں لیے جانے کے بعد ان کے والد نے وزیر اعظم نریندر مودی سمیت دیگر اہم شخصیات کو خط لکھ کر بیٹے کی رہائی یقینی بنانے کے لیے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ کیتن کو دیگر ہندوستانی شہریوں کے ساتھ حراست میں لیا گیا ہے۔ آئل ٹینکر پر تیسرے انجینئر کے طور پر کام کرنے والے کیتن کے والد مکیش مہتہ نے وزیر اعظم مودی، وزارت خارجہ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف شپنگ سے معاملے میں مداخلت کر کے اپنے بیٹے اور دیگر ہندوستانیوں کو ایران کی حراست سے آزاد کرانے کی اپیل کی ہے۔
مکیش مہتا نے کہا کہ انہوں نے انسانی بنیادوں پر بیٹے کی فوری رہائی کو یقینی بنانے کے لیے خطوط لکھے ہیں۔ انہوں نے خط کی ایک نقل میڈیا کو بھی فراہم کی۔ مکیش نے بتایا کہ کیتن دبئی کی کمپنی پرائم ٹینکر ایل ایل سی کے زیر انتظام آئل ٹینکر ایم ٹی بریلینٹ روئر پر بطور تیسرے انجینئر خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے موصولہ معلومات کے حوالے سے بتایا کہ جہاز کو ایران کی بندر عباس بندرگاہ پر روک لیا گیا اور کیتن سمیت عملے کے دیگر ارکان کو ایرانی حکام نے حراست میں لے لیا۔
مکیش نے بتایا کہ گرفتاری کے دن سے ان کا پورا خاندان مسلسل خوف، تشویش اور جذباتی صدمے میں زندگی گزار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے نے کوئی جرم نہیں کیا ہے اور نہ ہی کسی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف ایک ملاح کے طور پر اپنے جائز فرائض انجام دے رہا تھا۔ مکیش نے بتایا کہ انہیں معلوم نہیں کہ اس وقت کیتن کس حالت میں ہے۔
 



Comments


Scroll to Top