Latest News

برطانیہ میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ : 2 افراد ہلاک اور تین شدید زخمی

برطانیہ میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ : 2 افراد ہلاک اور تین شدید زخمی

لندن: شمالی انگلینڈ میں جمعرات کو ایک یہودی عبادت گاہ پر ہونے والے حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے اور تین دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے یہ جانکاری دی۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے بتایا کہ ایسا مانا جا رہا ہے کہ مشتبہ حملہ آور بھی پولیس کی گولی لگنے سے مارا گیا ہے، لیکن اس کی فوری تصدیق نہیں ہو سکی کیونکہ اس کے پاس دھماکہ خیز مواد ہونے کا شبہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر موجود ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لوگ یوم کِپور پر ایک عبادت گاہ میں جمع ہوئے تھے۔
یوم کِپور 'توبہ کا دن' ہے اور یہودی کیلنڈر کا سب سے مقدس دن ہے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے 'ایکس' پر کئی پوسٹوں میں کہا کہ س کے پاس کرمپسال میں 'ہیٹن پارک  ہبرو (عبرانی )کانگریگیشن سینیگوگ' میں صبح ساڑھے نو بجے کے بعد ایک شخص کی کال موصول ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس شخص نے بتایا کہ اس نے ایک کار کو عام لوگوں کی طرف آتے دیکھا تھا اور ایک شخص کو چاقو مارا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے کچھ ہی منٹ بعد افسران نے گولیاں چلائیں۔ اس نے بتایا، ایک شخص کو گولی ماری گئی ہے، مانا جا رہا ہے کہ وہ مجرم ہے۔ پولیس نے شروعات میں کہا تھا کہ چار دیگر افراد کا علاج کیا جا رہا ہے۔ بعد میں پولیس نے متاثرین کی تعداد بڑھا کر پانچ کر دی۔
پولیس نے پلیٹو کا اعلان کیا تھا، جو کہ قومی کوڈ  ورڈ ہے جس کا استعمال پولیس اور ایمرجنسی سروسز دہشت گرد حملے کے ردعمل کے طور پر کرتی ہیں۔ حالانکہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دے دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ وہ اس حملے سے ششدر ہیں اور برطانیہ بھر کی یہودی عبادت گاہوں پر اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ وہ ڈنمارک کے کوپن ہیگن میں یورپی رہنماؤں کی سربراہی کانفرنس سے جلدی واپس آ رہے ہیں، جہاں انہیں حکومت کی ہنگامی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کرنی تھی۔
 اسٹارمر نے 'ایکس' پر کہا، یہ حقیقت کہ یہ واقعہ یہودی کیلنڈر کے سب سے مقدس دن یوم کِپور پر ہوا، اسے اور بھی ہولناک بنا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا، یہ ایک بہت ہی مقدس دن ہے اور پورے ملک میں عبادت گاہوں میں پورا دن لوگوں کی بھیڑ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑے یہودی تہواروں پر پولیس اور یہودی برادری ایک اہم سکیورٹی مہم چلاتے ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top