پشاور: شمال مغربی پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں مقامی قبائلیوں اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) کے ارکان کے درمیان جھڑپوں میں دو عسکریت پسند مارے گئے، پولیس نے بدھ کو یہ جانکاری دی ۔ گولی باری کا یہ واقعہ منگل کو ضلع لکی مروت کی تحصیل نورنگ میں اس وقت پیش آیا جب عسکریت پسندوں نے تختی خیل مروت قبیلے کے چار نوجوانوں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا۔
جوابی کارروائی میں قبائلیوں نے اغوا کاروں پر ہتھیاروں سے حملہ کیا جس سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے ایک قبائلی زخمی ہوا اور مغوی نوجوانوں کو بعد میں بازیاب کرا لیا گیا۔ بنوں، لکی مروت، سوات اور اپر اور لوئر دیرکے اضلاع میں مقامی کمیونٹیز نے صوبے میں بڑھتے ہوئے سیکورٹی خدشات کے درمیان عسکریت پسندوں کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ہے۔