ممبئی: کیدارناتھ کے قریب گوری کنڈ میں اتوار کو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 7 افراد کی موت ہو گئی۔ احمد آباد طیارہ حادثے کے بعد یہ حادثہ لوگوں کو اور بھی ہلا کر رکھ دینے والا تھا۔ دریں اثنا ء حال ہی میں بالی وڈ کی ایک اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بھی گوری کنڈ میں اس حادثے کا شکار ہو جاتیں اگر ان کا ٹکٹ آخری وقت میں کینسل نہ کیا جاتا۔ یہ اداکارہ کوئی اور نہیں بلکہ شیتل کالے ہیں، جنہوں نے حال ہی میں کیدارناتھ ہیلی کاپٹر حادثے پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ردعمل کا اظہار کیا۔

سشمیتا سین کی ویب سیریز 'تالی' میں نظر آنے والی شیتل کالے نے اپنے انسٹاگرام پر ایک کہانی شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے بتایا کہ اس حادثے میں وہ اور ان کے اہل خانہ کی جان بھی جا سکتی تھی کیونکہ انہوں نے بھی ٹکٹ بک کرائے تھے۔
شیتل کالے نے پوسٹ میں لکھا کہ میں کیدارناتھ میں ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے سے بہت افسردہ ہوں۔ میری تعزیت ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ اس سے بھی زیادہ چونکانے والی بات یہ ہے کہ میں اور میری فیملی ایک ہی دن ایک ہی ہیلی کاپٹر میں سوار ہونے والے تھے۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ٹکٹ بک ہوچکے تھے، سب کچھ پلان کیا گیا تھا لیکن ایک دن پہلے میری والدہ اچانک بیمار ہوگئیں جس کی وجہ سے ہمیں سفر منسوخ کرنا پڑا، اس وقت میں مایوس ہوگئی تھی اب مجھے یقین ہے کہ یہ خدائی فضل سے کم نہیں تھا، قسمت کے اس موڑ نے ہماری جان بچائی، زندگی نازک ہے اور زندہ رہنا سب سے بڑا آشیرواد (نعمت ) ہے۔