Latest News

شارجہ ایئر پورٹ سردیوں کی بھیڑ سے نمٹنے کو تیاری ، مسافروں کے لئے جاری کی خاص صلاح

شارجہ ایئر پورٹ سردیوں کی بھیڑ سے نمٹنے کو تیاری ، مسافروں کے لئے جاری کی خاص صلاح

دبئی: شارجہ بین الاقوامی ہوائی اڈے نے کہا ہے کہ وہ سردیوں کی تعطیلات کے دوران مسافروں کی ممکنہ بھاری آمد و رفت کو سنبھالنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اس مقصد کے لیے ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے کئی عملی اقدامات نافذ کیے ہیں تاکہ مسافروں کی آمد و رفت ہموار رہے اور خدمات کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔ ہوائی اڈے نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پرواز سے کم از کم تین گھنٹے پہلے ہوائی اڈے پہنچیں۔ اس کے ساتھ ہی مسافروں کو ڈیجیٹل اور فاسٹ ٹریک خدمات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ترغیب دی گئی ہے تاکہ چیک ان اور امیگریشن کا عمل تیز ہو سکے۔
ایئر عربیہ کے مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سٹی چیک- اِن سروس سے فائدہ اٹھائیں، جس کے ذریعے وہ پہلے ہی تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر کے سیدھا پاسپورٹ کنٹرول کی جانب جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہوائی اڈے پر سیلف چیک -اِن کیوسک، بیگیج ڈراپ سہولت، اسمارٹ گیٹ ، فاسٹ - ٹریک آپشن اور  'ہالا سروس ' فراہم کی گئی ہیں۔ ایئر عربیہ اور فلائی جناح کے مسافر اب نئی ہوم چیک ان سروس کا بھی استعمال کر سکتے ہیں، جس سے سفر مزید آسان ہو گیا ہے۔
مسافروں کی سہولت میں اضافے کے لیے روانگی کے حصے کے مرکزی داخلی دروازے پر ال دیافہ لانج کھولا گیا ہے، جہاں اضافی آرام اور مہمان نوازی کی خدمات دستیاب ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی مصروف اوقات میں تیز تر عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام عملی شعبوں میں عملے کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔ شارجہ ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے کہا کہ یہ تمام اقدامات سردیوں کے موسم میں مسافروں کو محفوظ، تیز اور آرام دہ سفری تجربہ فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top