جبل پور: مدھیہ پردیش کے جبل پور میں پولیس نے ایک کرایہ کے مکان میں چل رہے جنسی ریکٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ گوہل پور تھانہ پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک عورت سمیت تین افراد کو گرفتار کیا ہے، جبکہ کچھ لوگ موقع سے فرار ہو گئے۔

جانکاری کے مطابق، گرفتار عورت طویل عرصے سے کرایہ کے مکان میں یہ غیر اخلاقی کاروبار چلا رہی تھی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ گھر میں ہر روز مختلف لوگ آتے جاتے تھے، اور جب بھی کسی نے اعتراض کیا، تو عورت گالیاں دینے لگتی اور دھمکیاں دیتی تھی۔ محلے کی خواتین نے کئی بار اس کی شکایت کی، لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ آخرکار آج تمام خواتین یکجا ہو کر گوہل پور تھانے پہنچیں اور تحریری شکایت درج کرائی۔ شکایت کے بعد پولیس نے فوری چھاپہ مارا اور موقع سے تین افراد کو گرفتار کیا۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ عورت کبھی کسی کو اپنا شوہر تو کبھی رشتے دار بتا کر دھوکہ دیتی تھی۔ جب لوگوں نے مکان مالک کو اس غیر اخلاقی سرگرمی کے بارے میں بتایا، تو اس نے کارروائی کرنے کے بجائے چپ رہنے کی نصیحت کی۔ فی الحال پولیس نے گرفتار تینوں ملزمان سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے اور فرار افراد کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔