ماسکو: روس نے ہفتے کے روز دعوی کیا ہے کہ اس نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کریمیا اور یوکرین کی سرحد سے متصل اس کے علاقوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کے جواب میں 170 ڈرونز اور 10 سے زیادہ میزائل مار گرائے ہیں۔ روسی وزارت دفاع نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر پوسٹ کی گئی ایک پریس ریلیز میں کہا کہ مقامی وقت کے مطابق، جمعہ کی رات 10 بجے سے ہفتہ کی صبح 5 بجے کے درمیان روسی فضائی دفاعی یونٹس نے کرائمیا پر 96 ، کراسنودار علاقے میں 47 ، روسٹوو کے اوپر 9 ، اور ماسکو کے جنوب مغرب میں برائنسک اور کرسک کے علاقوں میں آٹھ، آٹھ فکسڈ ونگ ڈرون مار گرائے۔
اس نے اطلاع دی کہ بیلگوروڈ میں دو بغیر پائلٹ والے طیاروں کو (یو اے وی)کو مار گرایا گیا۔ وزارت نے دعوی کیا کہ ان کے علاوہ برطانیہ کی طرف سے فراہم کردہ آٹھ 'اسٹارم شیڈو' کروز میزائل اور یوکرین کے تیار کردہ تین نیپچون-ایم ڈی گائیڈڈ میزائل بھی بحیرہ اسود کے اوپر تباہ کیے گئے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق ہفتے کی صبح بحیرہ اسود کے اوپر یوکرائنی بحریہ کے 14 ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔
دریں اثناء ، بعض علاقوں کے گورنروں نے یوکرین کی طرف سے کیے گئے ڈرون حملوں میں عام شہریوں کو نقصان پہنچانے کی اطلاع دی ہے۔ RT.com نیوز پورٹل نے روسٹوو کے گورنر یوری سلیسر کے حوالے سے بتایا کہ "ڈرون کے ملبے کے باعث تسلینا گاؤں میں ایک گھر کی چھت پر آگ لگنے کے بعد دو بالغوں اور دو بچوں کو نکال لیا گیا۔ ایک غیر رہائشی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔