انٹرنیشنل ڈیسک: روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے لامحدود رینج والی منفرد جوہری توانائی سے چلنے والی "بورے ویستنک" کروز میزائل کے کامیاب تجربے کا اتوار کو اعلان کیا اور مسلح افواج کو اس کی تعیناتی کے لیے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کا حکم دیا۔ پوتن نے "چیف آف ڈیفنس اسٹاف" اور دیگر فوجی کمانڈروں کے ساتھ اپنی میٹنگ میں ذکر کیا کہ حال ہی میں جوہری طاقتوں کی مشق کے دوران بورے ویستنک کروز میزائل پندرہ گھنٹے تک فضا میں رہا اور اس نے کامیاب تجربات کے دوران چودہ ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
اس میٹنگ کو ٹیلی ویڑن پرنشرکیا گیا۔ روس کی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین کمانڈر کے طور پر پوتن نے اس سے پہلے صبح یوکرین میں فوجی کارروائیوں کے مشترکہ اسٹاف کا دورہ کیا اور چیف جنرل اسٹاف جنرل والیری گیراسیموف کی قیادت میں فورس کمانڈروں سے گفتگو کی۔ گیراسیموف نے پوتن کو دو اہم سمتوں میں دس ہزار سے زیادہ یوکرینی فوجیوں کے محاصرے کیے جانے کی اطلاع دی۔ گیراسیموف نے کہا اکتیس بٹالین پر مشتمل یوکرینی مسلح افواج کے ایک بڑے گروپ کو روک دیا گیا ہے۔