واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ شٹ ڈاؤن سے اقتصادی گہرائی میں ڈوب رہے اپنے ملک کو چھوڑ کر اپنے اس دورِ حکومت میں پہلی بار ایشیا کے سفر پر نکل گئے ہیں۔ اس سفر کے دوران ٹرمپ کے سرمایہ کاری معاہدوں اور امن کوششوں پر گفتگو ہونے کی امید ہے۔ ٹرمپ اپنی ایشیا یاترا کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ سے آمنے سامنے ملاقات کریں گے اور تجارتی پیچیدگیوں کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔
ٹرمپ نے ایئر فورس ون(امریکی صدر کے خصوصی طیارے) میں اپنے ساتھ سفر کر رہے صحافیوں سے کہا، مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس ایک بہتر معاہدہ کرنے کا اچھا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شی جن پنگ کے ساتھ فینٹینائل کی اسمگلنگ اور چین کی جانب سے امریکہ سے سویابین کی کم خرید پر گفتگو کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا، میں چاہتا ہوں کہ ہمارے کسانوں کا خیال رکھا جائے۔ اور وہ بھی یہی چاہتے ہیں۔
ملائیشیا کی اپنی طویل پرواز کے دوران قطر میں ایندھن بھروانے کے وقت ٹرمپ نے اپنے طیارے میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے بھی ملاقات کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے غزہ میں سیکیورٹی معاہدوں کی پیش رفت پر گفتگو کی۔