انٹرنیشنل ڈیسک : عالمی پاپ سٹار ریحانہ کے والد رونالڈ فینٹی نے 70 سال کی عمر میں دنیا کو الوداع کہہ دیا ۔ یہ افسوسناک خبر سب سے پہلے بارباڈوس کے سٹار کام نیٹ ورک نیوز ریڈیو سٹیشن نے دی تھی، جس کی بعد میں TMZ اور پیج سکس ( Page Six )جیسی بڑی تفریحی ویب سائٹس نے تصدیق کی۔

خاندانی ذرائع نے بتایا کہ رونالڈ فینٹی کا ہفتہ کی صبح لاس اینجلس میں انتقال ہوگیا۔ خبر کے مطابق آخری لمحات میں ان کی فیملی ان کے ساتھ کیلیفورنیا میں تھی جہاں سب نے مل کر ان کی زندگی کے لمحات کو یاد کیا۔ اگرچہ ان کے انتقال کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی تاہم کہا جا رہا ہے کہ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ ریحانہ، جو اس وقت اپنے تیسرے بچے کی توقع کر رہی ہیں، نے ابھی تک اپنے والد کے انتقال کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔

ریحانہ اور اس کے والد کا پیچیدہ رشتہ
ریحانہ اور اس کے والد رونالڈ کے درمیان تعلقات ہمیشہ اتار چڑھاؤ سے بھرے رہے ہیں۔ رونالڈ شراب اور منشیات کی لت میں مبتلا تھے جس کی وجہ سے اس کے اور ریحانہ کے درمیان تناؤ اور دوری تھی۔ ریحانہ کے والدین کی طلاق اس وقت ہو گئی جب وہ 14 سال کی تھیں۔ 2011 میں ریحانہ نے ایک انٹرویو میں اپنے والد کے ساتھ اپنے تعلقات کو 'تھوڑا پیچیدہ' بتایاتھا۔ انہوںنے کہا تھا کہ یہ رشتہ تھوڑا پیچیدہ تھا کیونکہ ایک طرف آپ اپنے والد کے ساتھ بڑے ہوتے ہیں ، آپ انہی کا حصہ ہو تے ہیں لیکن پھر وہ کچھ ایسا کردیتے ہیں جو سمجھ سے باہر ہوتاہے۔

آپ کو لگتا ہے کہ ایسی چیزیں دوسروں کے ساتھ ہوتی ہیں، لیکن میرے ساتھ نہیں۔ میرے والد ایسا نہیں کریں گے۔ تاہم، 2012 میں اوپرا ونفرے ( Oprah Winfrey )کے ساتھ ایک انٹرویو میں، ریحانہ نے بتایاکہ اس نے اور اس کے والد نے اپنے تعلقات کو ٹھیک کر لیا تھا ۔ اس نے کہا تھا، کہ انہوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا تھا۔ جتنا برا انہوں نے میری ماں کے ساتھ کیا تھا اتنا برا انہوں نے کبھی میرے ساتھ نہیں کیا تھا ۔
مجھے یہ سمجھنا اور قبول کرنا پڑا ، تبھی میں ان کے ساتھ دوبارہ جڑ پائی ۔ اس کے باوجود 2019 میں ریحانہ نے اپنے والد کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا ۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ رونالڈ فینٹی نے 'فینٹی انٹرٹینمنٹ' کے نام سے کمپنی شروع کرکے اس کے نام کا غلط استعمال کیا تھا، جس سے لوگوں کو یہ بھرم ہوا کہ یہ کمپنی ریحانہ کے مشہور 'فینٹی' برانڈ سے متعلق ہے۔