گوالیار: مدھیہ پردیش کے گوالیار میں چلتی ہوئی ٹرین سے گرنے کے سبب اتر پردیش کے دو نوجوان ہلاک ہو گئے۔راجیہ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے ایک افسر نے جمعرات کو یہ معلومات دی۔دبرا جی آر پی چوکی انچارج صاحب سنگھ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت شاہجہاں پور کے رہائشی محمد ایان (19 سال) اور ارباز (23 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں نوجوان جی ٹی ایکسپریس میں سوار تھے اور نگپور سے دہلی جا رہے تھے۔
سنگھ نے بتایا کہ جمعرات صبح اطلاع ملی کہ دو افراد کی لاشیں دبرا اسٹیشن سے 10 کلومیٹر دور اننت پیتھ کے قریب ریل کی پٹریوں کے پاس پڑی ہوئی ہیں، جس کے بعد جی آر پی کے اہلکار موقع پر پہنچے۔انہوں نے بتایا کہ ان نوجوانوں کے ساتھ تین دیگر ساتھی بھی تھے، جنہوں نے پولیس سے رابطہ کر کے بتایا کہ وہ دونوں ٹرین کے دروازے پر کھڑے تھے اور ممکنہ طور پر گرنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔سنگھ نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا اور ساتھ ہی ان کے اہل خانہ کو اطلاع دی گئی ہے۔