National News

راہل گاندھی کو لے کر راجیہ سبھا میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تکرار، کانگریس کا واک آوٹ

راہل گاندھی کو لے کر راجیہ سبھا میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تکرار، کانگریس کا واک آوٹ

نئی دہلی:کانگرس نے لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی کو بولنے کی اجازت نہ دینے کا معاملہ جمعرات کو راجیہ سبھا میں بھی اٹھایا، جس پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت نوک جھونک ہوئی اور بعد میں کانگرس نے ایوان سے واک آوٹ کرگئے ایوان میں قانون ساز دستاویزات پیش کیے جانے کے بعد چیئرمین نے اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کو بولنے کا موقع دیا۔ کھڑگے نے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی آواز دباکر جمہوری عمل کو متاثر کر رہی ہے۔ وہیں ایوان کے لیڈر جگت پرکاش نڈا اور پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ لوک سبھا کی بحث کو لے کر راجیہ سبھا میں معاملہ نہیں اٹھایا جا سکتا۔ ان کے مطابق کانگریس نے لوک سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی کو صدر کے خطبے پر جواب دینے سے روکنے کے بعد اب راجیہ سبھا میں بھی اسی حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے وزیر اعظم کو بولنے سے روکنے کی کوشش کی۔
نڈا نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کھڑگے بہت تجربہ کار اور سینئر ہیں، انہیں کانگریس کو راہل گاندھی کا یرغمال نہیں بننے دینا چاہیے۔ چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نہرو نے بھی کہا تھا کہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی بحث سے جڑے مسائل کو دوسرے ایوان میں اٹھانا اچھی روایت نہیں ہے۔ انہوں نے کھڑگے اور دیگر اراکین سے کہا کہ وہ لوک سبھا کے مسائل کو اس ایوان میں نہ اٹھائیں، یہ پارلیمانی روایت کے خلاف ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ پارلیمنٹ دونوں ایوانوں سے مل کر بنتی ہے اور اگر لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک کے مفاد کی کوئی بات اٹھانا چاہتے ہیں تو انہیں اجازت دی جانی چاہیے۔ نڈا نے کہا کہ حکومت ہر موضوع پر بحث کے لیے تیار ہے اور وزیر اعظم بھی لوک سبھا میں جواب دینے کے لیے تیار تھے لیکن کانگرس نے ایوان کو چلنے نہیں دیا۔ انہوں نے کھڑگے سے کہا کہ آپ اتنے تجربہ کار اور سینئر ہیں، آپ کو پارٹی کو ایک معصوم بچے کا یرغمال بننے سے روکنا چاہیے۔ رجیجو نے کہا کہ راجیہ سبھا میں تین دن سے بہت اچھی بحث چل رہی تھی، اچانک کانگریس کو نہ جانے کیا سوجھی کہ وہ اب اس ایوان میں لوک سبھا کے مسائل اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایوان وزیر اعظم کے صدر کے خطبے پر جواب کو سننے کے لیے بے تاب ہے لیکن کانگریس کسی اور ایجنڈے کے تحت ایوان کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ پارلیمنٹ دونوں ایوانوں سے چلتی ہے لیکن حکومت ایک ایوان کو مفلوج بنا کر پارلیمنٹ چلانا چاہتی ہے جو ملک کے لیے دھوکہ ہے۔ انہوں نے پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے حکمران اتحاد کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوک سبھا میں راہل گاندھی کو بولنے سے روکنے اور پنڈت نہرو و سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے بارے میں ناشائستہ باتوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ نڈا نے الزام لگایا کہ کانگریس ترقی کی راہ پر آگے بڑھتے ملک کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنے اور ایک خاندان کے مفاد کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ اس دوران کانگریس کے اراکین وقفے وقفے سے نعرے بازی کرتے رہے اور بعد میں واک آوٹ کر گئے۔



Comments


Scroll to Top