Latest News

حکومت تمام مسائل پر بحث کرنے اور اپوزیشن کی بات سننے کے لئے تیار: مودی

حکومت تمام مسائل پر بحث کرنے اور اپوزیشن کی بات سننے کے لئے تیار: مودی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی کساد بازاری کے پیش نظر ملک کے معاشی مسائل پر وسیع پیمانے پر غوروخوض کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں تمام مسائل پر بحث کے لئے تیار ہے۔ مسٹر مودی نے بجٹ سیشن سے پہلے کل جماعتی اجلاس میں کہا کہ پارلیمنٹ کی کاروائی چلانے کی ذمہ داری تمام اراکین پارلیمنٹ کی ہے اور بجٹ سیشن کے دوران حکومت تمام ایشوز پر بحث کے لئے تیار ہے۔ پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن کل صدر کی تقریر کے ساتھ شروع ہوگا اور یکم فروری کو عام بجٹ پیش کیا جائے گا۔

PunjabKesari
وزیر اعظم نے کہا، ہمیں موجودہ عالمی منظرنامے کو ہندوستان کے حق میں کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہئے ۔  اس بجٹ سیشن میں اور نئے سال کے آغاز میں اگر ہم ملک کی معیشت کو مناسب سمت دے سکے تو یہ ملک کے حق میں ہوگا۔ اجلاس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے صحافیوں سے کہا کہ وزیر اعظم نے معاشی مسائل پر تفصیل سے بحث کرنے اور موجودہ عالمی معاشی منظرنامے میں ہندوستان کے مفادات پر غور و خوض کئے جانے کی بات کہی ہے۔ مسٹر جوشی نے کہا کہ بجٹ سیشن میں حکومت کم از کم 45  بل پیش کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے )پارلیمنٹ میں باضابطہ طور پر پاس کیا ہے اور اپوزیشن کو اس پر غور خوض کرنے کی ضرورت ہے۔ 
 



Comments


Scroll to Top