نیشنل ڈیسک: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو دارالحکومت دہلی میں منعقدہ 'سیمی کان انڈیا 2025' کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ملک کی پہلی میڈ اِن انڈیا سیمی کنڈکٹر چپ وزیر اعظم کو پیش کی گئی۔ یہ چپ اسرو کی سیمی کنڈکٹر لیب کی تیار کی ہوئی وکرم 32-بٹ پروسیسر ہے، جسے مرکزی وزارت برائے اطلاعات و ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو نے وزیر اعظم کو سونپا۔
اس پروسیسر کے ساتھ چار تجرباتی چپس بھی وزیر اعظم مودی کو دکھائے گئے۔ یہ ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر مشن کے تحت حاصل کی گئی ایک بڑی کامیابی مانی جا رہی ہے۔
3.5 سال میں ہندوستان نے تاریخ رقم کی
اشونی ویشنو نے کہا کہ چند سال پہلے ہی، ہم وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت سے متاثر ہو کر ایک نئی شروعات کے لیے جمع ہوئے تھے۔ آج، محض 3.5 سال میں، دنیا ہندوستان کی طرف اعتماد سے دیکھ رہی ہے۔ پانچ سیمی کنڈکٹر یونٹوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور ہم نے وزیر اعظم کو پہلی میڈ اِن انڈیا چپ پیش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر جاری جیو پولیٹیکل غیر استحکام کے درمیان، ہندوستان "استحکام اور ترقی کے ستون" کے طور پر ابھر رہا ہے۔
اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق، وکرم 32-بٹ پروسیسر کو سخت راکٹ لانچ کے حالات میں استعمال کے لیے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان اب اعلی سطح کی چپ سازی کی صلاحیت پیدا کر رہا ہے۔
10 میگا پراجیکٹس کی منظوری
وزیر ویشنو نے بتایا کہ ہندوستان حکومت نے سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لیے 76,000 کروڑ روپے کی پروڈکشن لنکڈ انسینٹو (PLI) اسکیم شروع کی ہے، جس میں سے اب تک 65,000 کروڑ روپے مختص کیے جا چکے ہیں۔ اس کے ساتھ، ڈیزائن پر مبنی ترغیبی اسکیم کے تحت 23 ڈیزائن پراجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ گجرات، آسام، اتر پردیش، پنجاب، اڑیشہ اور آندھرا پردیش میں 1.6 لاکھ کروڑ روپے سے زائد لاگت والی 10 سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ پروجیکٹس کو بھی منظوری دی گئی ہے۔
سانند میںتیار ہورہی چپ اسمبلی سہولت تیا
انہوں نے گجرات کے سانند میں شروع کی گئی OSAT(آؤٹ سورسڈ سیمی کنڈکٹر اسمبلی اور ٹیسٹ) پائلٹ لائن کا بھی ذکر کیا، جہاں CG-Semi کمپنی جلد ہی چپ مینوفیکچرنگ شروع کرے گی۔
صنعتی دنیا کا ہندوستان پر اعتماد
لیم ریسرچ کے CEO ٹم آرچر نے کہا کہ جیسے جیسے عالمی سیمی کنڈکٹر مارکیٹ 1 ٹریلین ڈالر کی طرف بڑھ رہی ہے، ہندوستان اس کی بنیاد مضبوط کر رہا ہے۔ مرک کے کائی بیک مین نے اندازہ لگایا کہ ہندوستان کی مقامی سیمی کنڈکٹر مارکیٹ 2030 تک 100 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ AMD کے CTO مارک پیپر ماسٹر نے ہندوستان میں 40 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے ہندوستان کی غیر معمولی صلاحیت اور حکومتی حمایت کی تعریف کی۔
سیمی کان انڈیا 2025 کا مقصد
تین روزہ 'سیمی کان انڈیا 2025' کانفرنس کا ہدف ہندوستان کو سیمی کنڈکٹر ڈیزائن، مینوفیکچرنگ اور جدت کا عالمی مرکز بنانا ہے۔ یہ پروگرام پائیدار اور مضبوط سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام کی تعمیر پر مرکوز ہے۔