ڈیرہ بابا نانک : سری گورو نانک دیو جی کے یوم پیدائش کے موقع ہندوستان - پاکستان کے درمیان کھلنے والے کرتارپور کاریڈور کا افتتاح کرکے وزیر اعظم نریندر مودی نے عقیدتمندوں کے پہلے جتھے کو سری کرتارپور صاحب کیلئے روانہ کیا ۔
جتھے میں 117 وی آئی پی ہیں ، جن میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ ، پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر ، سابق وزیر نوجوت سنگھ سدھو ، پنجاب سرکار کے وزیر سکھوجندر سنگھ رندھاوا ، ترپت راجندر سنگھ باجوہ ، گورداسپور سے بھاجپا ایم پی سنی دیول وغیرہ شامل ہیں ۔
سری کرتارپور صاحب کی تاریخ
کرتارپور صاحب ، پاکستان کے نارووال ضلع میں واقع ہے ۔ یہ جگہ ہندوستانی سرحد سے محض 3 کلو میٹر اور لاہور سے قریب 120 کلو میٹر دور ہے ۔ سکھ تاریخ کے مطابق گورو نانک دیو جی نے اپنے 4 مشہور دوروں کو پورا کرنے کے بعد 1522 میں کرتارپور صاحب میں رہنے لگے تھے ۔ نانک صاحب نے اپنی زندگی کے آخری 17 سال یہی گزارے تھے لیکن ہندوستان - پاکستان کے بنٹوارے کے دوران سری کرتارپور صاحب پاکستان میں چلا گیا تھا ۔ ڈیرہ بابا نانک سے اس کی دوری محض 1 کلو میٹر کی تھی ۔ اس سے پہلے لوگ ڈیرہ بابا نانک کے دوربین سے ہی درشن کرتے تھے ۔