نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز یہاں روزگار میلہ کے موقع پر ملک کے 61 ہزار سے زائد نوجوانوں کو سرکاری خدمات کے تقرری نامے دیے۔ اس موقع پر آن لائن خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی واحد بڑی معیشت ہے جس نے ایک دہائی کے دوران اپنی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کو دوگنا کیا ہے۔مسٹر مودی نے ان تقرری ناموں کو 'نیشن بلڈنگ انویٹیشن لیٹر' اور وکست بھارت کی تعمیر کو رفتار دینے والا ریزولیوشن لیٹر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2026 کا یہ آغاز نوجوانوں کی زندگی میں نئی خوشیاں اور نئے بسنت کی شروعات لے کر آیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سے جوڑنا اور انہیں روزگار و خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری بھرتیوں کو مشن موڈ میں انجام دینے کے لیے شروع کیا گیا روزگار میلہ اب ایک ادارہ بن چکا ہے، جس کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو مختلف محکموں میں ملازمتیں ملی ہیں۔ آج ملک کے 40 سے زائد مقامات پر یہ میلہ منعقد کیا جا رہا ہے، جہاں سے نوجوان تعلیم، صحت، سلامتی اور مالی خدمات جیسے اہم شعبوں میں اپنی خدمات کا آغاز کریں گے۔
ملک کی اقتصادی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں کے مقابلے ہندوستان میں ڈھائی گنا سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ہے، جس کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ ملک میں نوجوانوں کے لیے بے شمار روزگار کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ میں چھ گنا اضافے اور آٹو موبائل صنعت کی تیز رفتار ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 2025 میں دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت کا دو کروڑ سے تجاوز کرنا ملک کی بڑھتی ہوئی قوت خریداری کو ظاہر کرتا ہے۔
ناری شکتی کے بڑھتے ہوئے تعاون پر وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے اس پروگرام میں 8 ہزار سے زیادہ بیٹیوں کو تقرری نامے دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 11 برسوں میں ملک کے افرادی قوت میں خواتین کی شراکت داری تقریباً دوگنی ہوئی ہے اور خواتین کے خود روزگار کی شرح میں 15 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسٹارٹ اپس اور بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) میں خاتون مالکان اور ڈائریکٹروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ملک کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
وزیر اعظم نے نومنتخب ملازمین کو 'ناگرک دیوو بھو' کا منتر دیتے ہوئے انہیں اپنے کام کی جگہ پر چھوٹے چھوٹے اصلاحی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 'ایز آف لیونگ' اور 'ایز آف ڈوئنگ بزنس' کو مقامی سطح پر سرکاری ملازمین کی نیت سے ہی طاقت ملتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے 'آئی گوٹ کرم یوگی' پلیٹ فارم کے ذریعے خود کو مسلسل اپ گریڈ کرنے کی اپیل کی۔
آخر میں مسٹر مودی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انہی نوجوانوں کے ذریعے ہندوستان 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بنے گا۔اس موقع پر مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بھی نوجوانوں سے خطاب کیا۔