اسلام آباد: پاکستان کے راولپنڈی ضلع سے ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک والد نے اپنے گیارہ سالہ بیٹے کے لاپتہ ہونے کے پیچھے جنات کا ہاتھ قرار دیتے ہوئے پولیس میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ ٹیکسلا کے علاقے کا ہے۔ بچہ اکیس جنوری کو اچانک گھر سےلاپتہ ہو گیا تھا۔ تقریباً دس دن تک اس کا کوئی سراغ نہ ملنے کے بعد والد نے پولیس سے شکایت کی۔ ایف آئی آر میں والد نے دعویٰ کیا ہے کہ جنات زبردستی اس کے بیٹے کو اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے، اس سے پہلے بھی مبینہ طور پر جنات کئی بار بچے کو لے جا چکے ہیں، تاہم ہر بار کچھ وقت بعد وہ واپس آ گیا تھا۔ اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد علاقے میں طرح طرح کی باتیں ہونے لگی ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے کہا ہے کہ وہ بچے کی تلاش کر رہی ہے اور معاملے کی تمام ممکنہ پہلووں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال کسی بھی غیر مرئی یا ماورائی وجہ کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے اور بچے کےلاپتہ ہونے کے پیچھے دیگر ممکنہ وجوہات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک صبر و تحمل سے کام لیں۔