National News

امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کے بارے میں حکومت پارلیمنٹ کو جانکاری دے گی: نڈا

امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کے بارے میں حکومت پارلیمنٹ کو جانکاری دے گی: نڈا

نئی دہلی: حکومت نے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کے معاملے پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں جلد ہی پارلیمنٹ میں ایک بیان دیا جائے گا اور متعلقہ وزیر بھی معاہدے کے بارے میں ایوان کو آگاہ کریں گے۔راجیہ سبھا میں منگل کے روز اپوزیشن اراکین نے سخت اعتراض کیا کہ پارلیمنٹ کو اس معاہدے کی جانکاری نہیں دی گئی جبکہ امریکہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس معاہدے کا ذکر کیا گیا۔ اپوزیشن نے حکومت سے فوری بیان دینے کا مطالبہ کیا اور اس مسئلے پر ایوان میں شور شرابہ کیا۔
ایوان کے لیڈر جگت پرکاش نڈا نے اپوزیشن کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد ہی پارلیمنٹ کو اس معاہدے کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ وزیر بھی اس پر بیان دیں گے۔ نڈا نے کہا کہ اپوزیشن کو مایوسی میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ اچھائی میں بھی برائی تلاش کرنا اس کی عادت بن گئی ہے اور یہ طریقہ جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کل رات امریکی صدر نے اس معاہدے کے بارے میں ٹویٹ کیا تھا اور اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹویٹ کے ذریعے اطلاعات دی ہے۔ حکومت پارلیمنٹ کو بھی سب کچھ بتانے کے لیے تیار ہے اور اپوزیشن کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
                
 



Comments


Scroll to Top