Latest News

پاکستان کے وزیر دفاع کے بدلے سُر، کہا- ہندوستان کے ساتھ اہم مسائل پر مستقبل میں مذاکرات ممکن

پاکستان کے وزیر دفاع کے بدلے سُر، کہا- ہندوستان کے ساتھ اہم مسائل پر مستقبل میں مذاکرات ممکن

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کشمیر، انڈس واٹر ٹریٹی اور دہشت گردی ہندوستان کے ساتھ اہم مسائل ہیں اور پڑوسی ملک کے ساتھ مستقبل کے کسی بھی مذاکرات میں ان پر بات کی جا سکتی ہے۔ ہندوستان کے ساتھ زمینی، فضائی اور سمندری سطح پر ہر قسم کی گولی باری اور فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کے لئے ہفتے کو ہوئے اتفاق کے بعد نئی دہلی کے ساتھ زیر التوا مدعوں کے حل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر آصف نے یہ تبصرہ کیا ہے ۔  یہ معاہدہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پار سے مسلسل ڈرون اور میزائل حملوں کے چار دنوں کے بعد طے پایا ہے۔
آصف نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ ممکنہ بات چیت میں انڈس واٹر ٹریٹی (IWT)، دہشت گردی اور کشمیر جیسے اہم مسائل پر توجہ مرکوز کی جا سکتی ہے۔ ایک ٹیلی ویژن چینل نے آصف کے حوالے سے کہا کہ "یہ تین اہم مسائل ہیں جن پر بات کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جنگ بندی امن کی راہ ہموار کرتی ہے تو یہ ایک خوش آئند بات ہو گی۔  انہوں نے  یہ بھی کہا کہ یقین کے ساتھ کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ پاکستان نے کہا کہ اس نے ہندوستان کے ساتھ "جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے" لیکن نئی دہلی نے اسے ' اتفاق رائے ' قرار دیا۔
گزشتہ ہفتے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی مسلح افواج کی جانب سے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے)میں دہشت گردی کے کیمپوں پر حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔ آصف نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ امن کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ پاکستانی وزیر نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہندوستان اور خاص طور پر اس کی قیادت ایک دن خطے کے مستقبل کو پارٹی مفادات پر ترجیح دے گی۔انہوں نے کہا کہ برابری کی بنیاد پر پرامن بقائے باہمی جنوبی ایشیا کی ترقی کی کلید ہے۔ انہوں نے اہم اتحادیوں اور دوست ممالک بشمول چین، ترکی، آذربائیجان اور خلیجی شراکت داروں سے ملنے والی سفارتی حمایت کو سراہا۔
 



Comments


Scroll to Top