Latest News

ویسٹ بنک میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلسطینی ہدایت کار کے گھر پر اسرائیلی حملہ

ویسٹ بنک میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلسطینی ہدایت کار کے گھر پر اسرائیلی حملہ

 انٹر نیشنل ڈیسک: آسکر ایوارڈ یافتہ فلسطینی ہدایت کار باسل عدرا نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے ہفتے کے روز  ویسٹ بنک میں واقع ان کے گھر پر حملہ کیا اور ان کی اہلیہ کا فون اپنے قبضے میں لے لیا۔ عدرا نے "ایسوسی ایٹڈ پریس" کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان کے گاؤں پر حملہ کیا، جس میں ان کے بھائی زخمی ہو گئے۔ ہدایت کار نے کہا کہ گاؤں میں رہنے والے ایک خاندان نے انہیں بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے ان کے گھر پر بھی حملہ کیا ہے۔
عدرا نے بتایا کہ فوجیوں نے ان کی اہلیہ سہا سے ان (عدرا)کا پتہ پوچھا اور اہلیہ کا فون لے لیا۔ اس دوران گھر پر ان کی نو ماہ کی بیٹی بھی موجود تھی۔ عدرا نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر وہ اپنے خاندان کا حال جاننے کے لیے گھر نہیں جا پا رہے ہیں کیونکہ فوجیوں نے گاؤں میں داخل ہونے والا راستہ بند کر دیا ہے۔ ہدایت کار نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں بھی حراست میں لیا جا سکتا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ فلسطینیوں کی جانب سے پتھراؤ کیے جانے کے باعث دو اسرائیلی شہریوں کے زخمی ہونے کے بعد فوجی گاؤں میں داخل ہوئے تھے۔
فوج نے کہا کہ فوجی اب بھی گاؤں میں موجود ہیں اور علاقے کی تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ لوگوں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ باسل کو دستاویزی فلم "نو ادر لینڈ" کے لیے آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ انہوں نے ہفتے کے واقعات کو "خوفناک" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ  اگر آپ صرف بستیوں میں رہنے والوں کی ویڈیو بنا رہے ہوں تب بھی فوج آتی ہے اور آپ کا پیچھا کرتی ہے، آپ کے گھر کی تلاشی لیتی ہے۔ یہ پوری نظام ہم پر حملہ کرنے، ہمیں خوفزدہ کرنے کے لیے ہے۔
 



Comments


Scroll to Top