نوم پین : کمبوڈیا حکومت نے آن لائن دھوکہ دہی کرنے والے گروہوں کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2,044 غیر ملکی شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ان گرفتار شدہ ملزمان میں 36 بھارتی بھی شامل ہیں۔
کسیینو کی 22 عمارتوں پر پولیس کا چھاپہ
موصولہ معلومات کے مطابق یہ کارروائی ہفتے کو جنوب مشرقی صوبے سیو رِنگ کے باو¿ت شہر میں کی گئی۔ یہاں کسیینو کی 22 عمارتوں پر تقریباً 700 پولیس اہلکاروں نے مل کر چھاپہ مارا اور 8 مختلف ممالک کے مشتبہ افراد کو قابو کیا۔
گرفتار کیے گئے افراد کی تفصیل
کمبوڈیا کے وزارت داخلہ کے مطابق پکڑے گئے افراد میں مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں:
چینی: 1,792
ویتنامی: 177
میانمار: 179
بھارتی: 36
نیپالی: 30
اس کے علاوہ تائیوان، ملیشیا، لاوس اور میکسیکو کے شہری بھی پکڑے گئے ہیں۔
جرم پیشہ افراد کے لیے کمبوڈیا میں جنت نہیں، دوزخ ہے
وزارت داخلہ کے ترجمان ٹچ سوخاک نے سخت لہجے میں کہا کہ یہ کارروائی ظاہر کرتی ہے کہ حکومت آن لائن ٹھگوں کے خلاف کوئی نرمی نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا مجرموں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بلکہ دوزخ ہے۔
پچھلے 7 مہینوں کا ریکارڈ
- پچھلے 7 مہینوں میں کمبوڈیا نے 23 ممالک کے مجموعی طور پر 5,106 مشتبہ ٹھگوں کو گرفتار کیا ہے۔
- ان میں سے 4,534 کو ان کے ممالک واپس (ڈی پورٹ) بھیج دیا گیا ہے۔
- گزشتہ سال ستمبر تک 48 گروہوں کا پردہ فاش کیا گیا تھا۔