نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( سی وی ایم)میں چھیڑ چھاڑ کی گنجائش سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کے لئے بیلٹ پیپرکی جانب لوٹنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اروڑہ نے بدھ کو ایک کانفرنس میں کہا کہ کسی کار یا پین کی طرح ای وی ایم کا غلط استعمال تو کیا جا سکتا ہے لیکن اس میں گڑ بڑی نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی کمیشن اصلاحات، خاص طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل کو یقینی بنانے کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے عمل کو آگے بڑھائے گا۔

اروڑہ نے کہا کہ ای وی ایم کا استعمال گزشتہ 20 سالوں سے کیا جا رہا ہے اور سپریم کورٹ سمیت دیگر عدالتیں ای وی ایم کو پولنگ کے لئے صحیح ٹھہرا چکی ہے، ایسے میں ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپرکی طرف واپس لوٹنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا ہے۔

بتا دیں کہ اپوزیشن اکثر ہار کی ٹھیکرا ای وای ایم پر پھوڑتی آئی ہے۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ ہوتی ہے۔ حال ہی میں دہلی میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد بھی عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے الزام لگایا تھا کہ ووٹ کے بعد ای وی ایم سڑکوں پر اتاری گئیں۔ انہوں نے ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔