انٹرنیشنل ڈیسک: نیپال کے سابق وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا نے اتوار کے روز سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف ایک رِٹ درخواست دائر کی ہے، جس میں گگن تھاپا کی قیادت والی نیپالی کانگریس کو سرکاری منظوری دینے کے کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ نیپالی کانگریس کے سینئر رہنما پرکاش مان سنگھ کے مطابق، قائم مقام صدر پورن کھڑکا سمیت دیوبا گروپ کے رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم اور سابق صدر شیر بہادر دیوبا کی جانب سے سپریم کورٹ پہنچ کر یہ درخواست دائر کی۔
نیپالی کانگرس کے رہنماؤں نے دائر کردہ درخواست میں الیکشن کمیشن، نیپالی کانگریس کے نو منتخب صدر گگن تھاپا اور نائب صدر وشو پرکاش شرما کو فریق بنایا ہے۔ نیپالی کانگریس نے دعوی کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے گگن تھاپا کی قیادت والی نیپالی کانگریس کو دی گئی سرکاری منظوری پارٹی کے قانونی درجے کے خلاف ہے۔ گگن تھاپا کو 11 سے 14 جنوری تک کٹھمنڈو میں منعقد ہونے والے خصوصی جنرل کونسل اجلاس کے ذریعے نیپالی کانگریس کا صدر منتخب کیا گیا تھا، جسے اب دیوبا گروپ نے چیلنج کر دیا ہے۔