Latest News

اویسی کا بڑا بیان - ہندوستان میں مسلمانوں کی آبادی کبھی بھی ہندوؤں سے زیادہ نہیں ہوگی

اویسی کا بڑا بیان - ہندوستان میں مسلمانوں کی آبادی کبھی بھی ہندوؤں سے زیادہ نہیں ہوگی

نیشنل  ڈیسک: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ  ہندوستان میں مسلم آبادی کبھی بھی ہندو آبادی سے زیادہ نہیں ہوگی۔ حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اویسی نے تلنگانہ میں میئر انتخابات سے پہلے جمعہ کی رات نظام آباد میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ راجیہ سبھا میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کا حالیہ خطاب سن رہے تھے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پوری دنیا کی آبادی بوڑھی ہو رہی ہے جبکہ ہندوستان کی آبادی نوجوان ہے۔
AIMIM کے سربراہ اویسی نے سوال کیا کہ اگر وزیرِ اعظم سے پوچھا جائے کہ ملک کی 60 فیصد آبادی 40 سال سے کم عمر کی ہے تو انہوں نے(مودی نے)ان کے روزگار کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں اور انہیں کون سے ہنر سکھائے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بیس سال بعد، یہ نوجوان آبادی بوڑھی ہو جائے گی۔ مہنگائی کتنی بڑھے گی اور انہیں کتنا خرچ کرنا پڑے گا، اس بارے میں ہم سوچتے ہی نہیں۔ اس کے بجائے، وہ کہتے ہیں کہ مسلمانوں کی آبادی بڑھ رہی ہے... مسلم آبادی مستحکم ہو جائے گی۔ ہندوستان  میں مسلمانوں کی آبادی کبھی بھی ہندوؤں کی آبادی سے زیادہ نہیں ہوگی۔
اویسی نے کہا کہ اب انہیں سمجھ آ رہا ہے کہ 25-30 سال بعد، ملک کی آبادی بوڑھی ہو جائے گی۔ RSS کے سربراہ موہن بھاگوت کہتے ہیں کہ کم از کم تین بچے پیدا کرنے چاہئیں۔ حالانکہ وہ خود ایسا نہیں کرتے، یہ الگ بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کہا جاتا تھا کہ آبادی کنٹرول کے لیے ایک بل لایا جائے گا اور وہ مسلمانوں کی تنقید کرتے تھے۔ اب انہیں احساس ہو گیا ہے کہ جب ملک کی آبادی بوڑھی ہوگی تو اس کا ملک پر کیا اثر پڑے گا۔
اویسی نے T20 ورلڈ کپ میں ہندوستان  کے خلاف میچ کا پاکستان کی جانب سے بائیکاٹ کرنے پر کہا کہ  ہندوستان  میزبانی کر رہا ہے اور 'بیکار' پاکستانی ٹیم کہہ رہی ہے کہ وہ  ہندوستان  کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو انہیں (پاکستان کو)بتانا چاہیے تھا کہ آپ یہاں کیوں آئے اور اگر آپ نہیں کھیلیں گے تو یہاں سے چلے جائیں۔ لیکن آپ خاموش بیٹھ کر سن رہے ہیں۔ اویسی نے مودی حکومت پر چین کے(سرحد)مسئلے پر خاموشی برتنے کا بھی الزام لگایا۔
 



Comments


Scroll to Top