آلودگی کو کنٹرول کرنے پر بحث کے لئے گزشتہ دنوں دہلی میں منعقد پارلیمانی مستقل کمیٹی کے اجلاس کو ہلکے میں لینا بی جے پی لیڈر اور سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کو بھاری پڑ رہا ہے۔ 15 نومبر کو منعقد میٹنگ میں شامل نہ ہونے کے سبب گمبھیر کے خلاف آپ کارکنوں کی مخالفت جاری ہے، جو تھمتی نظر نہیں آرہی ہے ۔ اتوار کی صبح آئی ٹی او علاقے میں جگہ جگہ گمبھیرکے لاپتہ ہو جانے کے پوسٹر چسپاںنظر آئے۔عام آدمی پارٹی کی طرف سے اپنایا گیا احتجاج کا یہ منفرد انداز لوگوں کے درمیان بھی خوب بحث میں ہے۔

ان پوسٹروں پر گمبھیر کی تصویر کے اوپر لاپتہ لکھا ہے جبکہ نیچے صاف الفاظ میں لکھا ہوا ہے کہ کیا آپ نے انہیں دیکھا ہے؟ آخری بار اندور میں جلیبی اور پوہا کھاتے دیکھے گئے تھے۔ پوری دہلی انہیں ڈھونڈ رہی ہے ۔
بتا دیں کہ 15 نومبر کو ایک میٹنگ بلائی گئی تھی ، جس میں گوتم گمبھیر سمیت دہلی کا کوئی بھی رکن پارلیمنٹ نہیں پہنچاتھا ۔اس کے بعد سوشل میڈیا پر گمبھیرکی ایک تصویر خوب وائرل ہونے لگی تھی، جس میں گمبھیرکچھ دوستوں کے ساتھ اندور کی سڑکوں پر مزے سے جلیبی اور پوہا کھاتے نظر آ رہے تھے۔اس کے بعد ہفتے کی شام آپ کارکن پلیٹ میں جلیبیاں لے کر دہلی کی سڑکوں پر اتر گئے اور جم کر مخالفت کی۔

آپ کارکنوں نے کہا کہ دہلی میں ہونے والی آلودگی کنٹرول کمیٹی کی اہم میٹنگ میں اہم ایجنڈا دہلی - این سی آر میں آلود گی تھا ، جس کے بارے میں ایک ہفتہ پہلے ہی جانکاری دے دی گئی تھی ۔لیکن اس میٹنگ سے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر غائب رہے۔ کیا آلودگی کو لیکر گمبھیر کمنٹری باکس تک ہی محدود ہیں۔حالانکہ گوتم گمبھیر نے اس کے جواب میں لکھا تھا کہ میرا کام خود بولے گا ، اگر مجھے گالی دینے سے دہلی کی آلودگی کم ہوتی ہے تو 'آپ ' مجھے جی بھر کر گالی دیجئے۔