لندن: برطانوی پولیس نے وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی لندن رہائش گاہ کو آگ لگانے کے شبہ میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ اسٹارمر وزیر اعظم منتخب ہونے سے پہلے اس گھر میں رہتے تھے۔ ملزم (21) کو منگل کی صبح گرفتار کیا گیا۔ پیر کی صبح اسٹارمر کے شمالی لندن کے گھر میں لگنے والی آگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن اس کے دروازے کو نقصان پہنچا۔ اسٹارمر فی الحال اپنی رہائش گاہ میں مقیم نہیں ہیں۔ جولائی میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے وہ وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ ڈاؤننگ سٹریٹ میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتے ہیں۔
میٹروپولیٹن پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کو پیر کی صبح وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے قریب آگ لگانے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ کیس کی انسداد دہشت گردی یونٹ اور اسپیشل کرائم برانچ مشترکہ طور پر تفتیش کر رہے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موقع پر فوری طور پر بھاری سکیورٹی فورسز کو تعینات کر دیا گیا اور علاقے کو عارضی طور پر سیل کر دیا گیا۔ مشتبہ شخص کی شناخت اور اس کی ذہنی حالت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واقعہ کے وقت وزیر اعظم کیئر ا سٹارمر اپنی رہائش گاہ پر نہیں تھے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'واقعہ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے'۔ یہ واقعہ ایک بار پھر برطانیہ کی داخلی سلامتی پر سوالات اٹھا رہا ہے، خاص طور پر جب ملک میں سیاسی عدم استحکام اور عالمی تنا ؤبڑھ رہا ہے۔