احمد آباد: گجرات میں بھاری بارش سے عام زندگی درہم - برہم ہوگئی ہے۔ وہیں وڈودرا میں محض 16 گھنٹے میں 20 انچ بارش ہونے سے 35 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ وہیں محکمہ موسمیات نے ملک کے 15صوبوں میں بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی دہلی، اترپردیش کے مودی نگر، غازی آباد، چپرولہ، فرید آباد، پلول، سوہانہ، بجنور، رڑکی، جہانگیر آباد، گلوٹھی، بلند شہر، علی گڑھ اور آس پاس کے علاقوں میں بھاری بارش کا امکان ہے۔
ممبئی میں رات سے ہی ہورہی بھاری بارش کی وجہ سے ممبئی ایئر پورٹ سے 10 پروازوں کو معطل کردیا ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی کے اندھیری علاقے میں سیلابی صورتحال کے سبب اندھیری سب وے کو بند کردیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کے پال گھر ضلع کے ڈی ایم نے سبھی سکول اور کالجوں کو آج بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
راجستھان میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کئی مقامات پر بھاری بارش درج کی گئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران اجمیر، بارا، بھرت پور، بھیلواڑہ، بوندی، چتوڑ گڑھ، دوسہ، جے پور، جھالواڑہ، کوٹہ، سوائی مادھوپور، سیکر اور ٹونک میں زبردست بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران اجمیر کے پشکر میں 13 سینٹی میٹر، اجمیر میں 11 سینٹی میٹر تک بارش درج کی گئی ہے۔