نئی دہلی :شہریت ترمیمی قانون( سی اے اے ) اور این آر سی کے خلاف گزشتہ 55 دنوں سے مظاہرین شاہین باغ راستے کو بند کر کے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں ۔وہیں شاہین باغ مظاہرہ اب نوجوانوں کی محبت کا گواہ بن گیا ہے۔ شاہین باغ نے دو لوگوں کی جوڑی بنا دی اور اب دونوں جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔ 15 دسمبر سے کا لندی -کنج کو نوئیڈا سے جوڑنے والی اس سڑک پر خواتین پرامن دھرنا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ خواتین نکڑ، ڈرامہ، ریلی، تقریر کے ذریعے سی اے اے اور این آر سی کی مخالفت کر رہی ہیں۔ وہیں اس مظاہرے میں نوجوان اور طالب علم بھی پہنچ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہاں پر اب نوجوانوں کے درمیان محبت بھی پنپنے لگی ہے ۔بتایا جا رہا ہے یہاں پر دو جوڑوں کو آپس میں پیار ہو گیا ۔ان کے تعلقات کو خاندان نے بھی منظوری دے دی۔ دونوں جوڑوں میں سے ایک 7 فروری کو تو دوسرا 8 فروری کو شادی کرنے جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان جوڑوں کا مظاہرے کے دوران باہمی تال میل اتنا اچھا ہو گیا کہ انہوں نے ہمیشہ ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے خاندان ایک دوسرے کو جانتے تھے تو وہ لوگ بھی شادی کو مان گئے۔
میڈیکل کی تعلیم کر رہے ایک جوڑے جنیدا اور ثمر کے درمیان مظاہرے کے دوران بات چیت شروع ہوئی ، جو اب پیار میں بدل گئی۔ اب دونوں 7 فروری کو نکاح کرنے جا رہے ہیں۔ وہیں دوسری جوڑی ذیشان اور عائشہ کی ہے، یہ دونوں 8 فروری کو شادی کرنے جا رہے ہیں۔ مظاہرے کے دوران ہی ذیشان نے عائشہ کو شادی کے لئے پرپوزکیا۔ بعد میں خاندان والوں نے بھی اس پر رضا مندی ظاہر کی۔