نیروبی: مشرقی یوگنڈا کے چھ دیہات میں مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 15 افراد ہلاک اور 113 لاپتہ ہیں۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق 15 زخمیوں کو بچا کر ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یوگنڈا ریڈ کراس سوسائٹی نے جمعرات کو کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ میں 40 مکانات تباہ ہونے کے بعد 13 لاشیں نکال لی گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں ابھی جاری ہیں۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 30 تک بڑھ سکتی ہے۔ پہاڑی ضلع بلمبولی میں بدھ کی رات شدید بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ یہ ضلع دارالحکومت کمپالا سے تقریباً 280 کلومیٹر مشرق میں ہے۔
علاقے کے ایک صحافی نے دی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ مقامی حکام نے کہا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے بھاری مشینری لائی جائے گی، لیکن سڑکیں کیچڑ سے بھری ہوئی ہیں اور اب بھی بارش ہو رہی ہے۔ 'ڈیلی مانیٹر' اخبار نے اطلاع دی ہے کہ اب تک برآمد ہونے والی لاشوں میں زیادہ تر بچوں کی لاشیں ہیں۔ دریں اثنائبدھ کو دریائے نیل میں پاکواچ پل ڈوبنے کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران دو کشتیاں الٹ گئیں۔