Latest News

امریکہ میں اسرائیل - حماس جنگ کے خلاف طلباء نے کیا احتجاج

امریکہ میں اسرائیل - حماس جنگ کے خلاف طلباء نے کیا احتجاج

نیویارک: امریکہ  کے کئی حصوں میں طلبا ء اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے 'نیویارک آئیوی لیگ' اسکول کے طلبا نے اسرائیل کے خلاف احتجاج شروع کیا جو منگل تک ایک بڑی تحریک میں تبدیل ہو گیا۔  کو لمبیا یونیورسٹی کے مین ہٹن کیمپس میں احتجاج کرنے والے 100 سے زائد طلباء کو جمعرات کو گرفتار کئے جانے  سے یہ مظاہرے اور تیز ہوگئے ہیں ۔  پولیس نے مختلف مقامات سے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔ کولمبیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث یونیورسٹی نے بقیہ سمسٹر کے لیے آن لائن کلاسز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ پیر کو نیویارک یونیورسٹی کے قریب احتجاج کرنے والے 133 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، لیکن بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا اور عدالت میں پیش ہونے کے لیے سمن جاری کر دیا گیا۔ نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ اس ہفتے احتجاج کے دوران مظاہرین نے پولیس افسران پر بوتلوں اور دیگر اشیاء  سے حملہ کیا۔ کنیکٹی کٹ کی ییل یونیورسٹی کے طلبہ نے مظاہرہ روکنے سے انکار کردیا جس کے بعد پولیس نے 47  طلبہ سمیت 60 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
ییل یونیورسٹی کے صدر پیٹر سالووی نے اطلاع دی کہ طلبا کو مظاہرے کو ختم کرنے اور ٹرسٹیز سے ملنے کے لیے کہا گیا، لیکن انہوں نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔ انہیں کئی بار احتجاج ختم کرنے کا کہا گیا لیکن وہ نہیں مانے جس کے بعد پولیس نے طلبا کو گرفتار کر لیا۔ مشی گن یونیورسٹی کے این آربر کیمپس میں مظاہرین نے 30 سے زائد کیمپس قائم کیے، لیکن پولیس نے واقعے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی لائبریری کے سامنے قائم ایک کیمپ کو کلیئر کر دیا، جس کے نتیجے میں پولیس نے نو طالب علموں کو گرفتار کر لیا۔
 



Comments


Scroll to Top