جموں: جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹانے جانے کے بعد سے پاکستان بوکھلایا ہوا ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹے سے پاکستان پونچھ اور بالاکوٹ سیکٹر میں مسلسل فائرنگ کر رہا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے کی گئی فائرنگ کا ہندوستانی فوجیوں نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ جوابی کارروائی میں پاکستان کے چار فوجیوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔ وہیں کئی چوکیوں کو بھی تباہ کیا گیا ہے۔

بتا دیں کہ ہفتہ کو پاکستان کی جانب سے کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزی کے دوران ایک بھارتی فوجی شہید ہو گیا، جبکہ تین جوان زخمی ہوئے تھے۔ شہید ہوئے نوجوان کی شناخت نائیک راجیو سنگھ شیخاوت کے طور پر ہوئی ہے ۔وہ راجستھان کا رہنے والا تھا۔ اس کے ساتھ ہی سپاہی سویم سنگھ اور آزاد سنگھ زخمی ہوئے ہیں۔جنہیں علاج کے لئے ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ پاکستان نے ہفتے کی شام تقریباً پونے چار بجے دگوار سیکٹر میں بھارتی چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی تھی۔ یہی فائرنگ آج اتوار کو بھی جاری ہے۔

ہندوستانی فوجیوں جانب سے کی گئی کارروائی میں پاکستان کے مقبوضہ کشمیر ( پی او کے )کے چیڑی کوٹ علاقے میں واقع نصف درجن سے زیادہ چوکیاں تباہ ہو گئی ہیں۔ فوجی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے بلا اشتعال علاقے میں گولہ باری کی۔ جس کا فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔ وہیں، مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہی چوکیوں سے پاکستانی فوج گزشتہ کافی عرصے سے گاؤں اور پونچھ میں گولہ باری کر بھاری نقصان کر رہی تھی۔ ابھی فوج کی جوابی کارروائی سے شاید اب کچھ دنوں تک پاکستانی فوج کی ناپاک حرکتوں پر روک لگے گی۔