Latest News

ٹرمپ نے 90ویں بار دوہرایا دعویٰ : ہند - پاک جنگ میں نے رُکوائی، ہندوستان نے پھر لگائی پھٹکار

ٹرمپ نے 90ویں بار دوہرایا دعویٰ : ہند - پاک جنگ میں نے رُکوائی، ہندوستان نے پھر لگائی پھٹکار

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر یہ دعویٰ دوہرایا کہ انہوں نے گزشتہ سال ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی ٹکراؤ کو ٹیرف کے ذریعے روک دیا تھا جو ان کے مطابق جوہری جنگ میں بدل سکتا تھا۔ ٹرمپ نے منگل کو فاکس بزنس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں نے آٹھ جنگیں رکوائیں۔ ان آٹھ جنگوں میں سے کم از کم چھ ٹیرف کی وجہ سے حل ہوئیں۔ میں نے کہا کہ اگر آپ یہ جنگ نہیں روکتے تو میں آپ پر ٹیرف لگا دوں گا کیونکہ میں نہیں چاہتا کہ لوگ مارے جائیں۔
کچھ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اس دعوے کو ایک سال، مئی 2025 سے فروری 2026 تک، 80 سے زیادہ بار دوہرایا ہے۔ صنعتی تجزیہ کاروں کے مطابق مختلف پلیٹ فارمز اور تقاریب میں ٹرمپ نے اسے تقریبا 90 بار تک دوہرایا بتایا گیا ہے۔ یعنی ٹرمپ نے تقریبا 60 سے 90 بار تک یہ دعوی دوہرایا ہے کہ انہوں نے ہندوستان پاکستان جنگ یا تنازع کو ٹیرف کی دھمکی سے روکا۔ امریکی صدر نے کہا ' اور انہوں نے کہا اس کا اس سے کیا لینا دینا ہے۔ میں نے کہا آپ پر ٹیرف لگایا جائے گا' ۔ جیسے ہندوستان اور پاکستان۔ میرے خیال میں یہ جوہری جنگ میں بدل سکتا تھا۔ وہ واقعی جنگ کی طرف بڑھ رہے تھے، 10 طیارے مار گرائے گئے تھے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ہمیں لڑائی روکنے کے لیے راضی کر کے کم از کم ایک کروڑ لوگوں کی جان بچائی۔ ٹرمپ نے کہا میرے خیال میں وہ جوہری جنگ کی طرف بڑھ رہے تھے۔ ٹیرف کے بغیر جنگ رکوانا ممکن نہیں ہوتا۔ ٹرمپ نے گزشتہ سال 10 مئی سے لے کر اب تک کئی بار ہندوستان پاکستان تنازع روکنے کا دعوی کیا ہے۔
انہوں نے 10 مئی کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن کی ثالثی میں ہوئی بات چیت کے بعد دونوں پڑوسی ممالک نے فوجی ٹکرا ؤکو مکمل اور فوری طور پر روکنے پر اتفاق کیا۔ ہندوستان نے کسی بھی تیسرے فریق کی مداخلت سے مسلسل انکار کیا ہے۔ ہندوستان نے کہا کہ یہ دعوے جھوٹ ہیں اور ٹرمپ کو اب مزید جھوٹ نہیں بولنا چاہیے۔ ہندوستان نے گزشتہ سال سات مئی کو آپریشن سندور شروع کیا تھا، جس کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردی کے ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ کارروائی 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے حملے کے جواب میں کی گئی تھی، جس میں 26 شہری مارے گئے تھے۔
 



Comments


Scroll to Top