انٹر نیشنل ڈیسک: تھائی لینڈ میں ہندوستانی سفارت خانے نے جمعہ کو یہاں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ تھائی لینڈ-کمبوڈیا سرحد پر جاری تشدد کے درمیان سات صوبوں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی سرحد پر جمعرات سے شروع ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکومت کی 'تھائی پبلک براڈکاسٹنگ سروس' نے یہ جانکاری دی۔ ہندوستانی سفارت خانے نے X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ تھائی لینڈ-کمبوڈیا سرحد کے قریب کی صورتحال کے پیش نظر، تھائی لینڈ پہنچنے والے تمام ہندوستانی مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹی اے ٹی نیوز روم سمیت تھائی لینڈ کے سرکاری ذرائع سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔ اس نے تھائی لینڈ کی ٹورازم اتھارٹی کی ایک پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مقامات کا سفر نہ کرنے کامشورہ دیا جاتا ہے۔ سیاحت کی اتھارٹی نے کہا کہ یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اوبون رتچاتھانی، سورین، سیساکیٹ، بوریرام، سا کیو، چنتھابوری اور ترات صوبوں میں متعدد مقامات کا سفر نہ کریں۔